کینیڈین وزیراعظم پاکستانیوں کےدلوں میں بس گئے
لاہور (نئوز وی او سی آن لائن) پاکستان کے ٹرک دنیا بھر میں ٹرک آرٹ کی وجہ سے اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں جبکہ ڈرائیورز بھی اپنی زندہ دلی کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ پاکستان میں کہا جاتا ہے کہ کسی شخص کی مقبولیت کا اندازہ لگانا ہو تو یہاں کے ٹرکوں کو دیکھو کیونکہ اگر اس شخص کی تصویریں ٹرکوں پر بنی ہوئی نظر آجائیں تو سمجھ لو کہ اس کا پورے ملک میں مثبت امیج ہے ۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے طویل عرصے بعد اپنے مثبت امیج کے باعث ٹرک آرٹ میں جگہ پائی تھی لیکن اب مسلمانوں کیلئے زبردست اقدامات کرنے والے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹریڈو بھی ٹرک آرٹ کا حصہ بن گئے ہیں۔ پاکستان کا ٹرک آرٹ پوری دنیا میں مشہور ہے اور گزشتہ کئی سالوں سے یہ دوسرے ملکوں میں تیزی سے پھیل بھی رہا ہے جس کی واضح مثال ترکی ہے جہاں پاکستانی حکومت کی جانب سے کچھ عرصہ پہلے ٹرک آرٹ کے ماہرین کو بھجوایا گیا تھا۔ٹرک آرٹ اور ٹرک ڈرائیورز کی اتنی اہمیت ہے کہ اگر ٹرک ڈرائیورز عطااللہ عیسیٰ خیلوی کے گانے سننا شروع کردیں تو وہ ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن جاتے ہیں اور اگر کسی شخص کی تصویر ٹرک کے پیچھے لگا لیں تو وہ بھی ورلڈ فیمس ہو جاتا ہے۔
ٹرک ڈرائیورز نے سابق صدر ایوب خان کے دور سے اپنے ٹرکوں پر ان کی تصویریں بنانا شروع کیں جس کے بعد جو بھی شخص ملک بھر میں مشہور ہوتا اس کی تصویریں بنائی گئیں لیکن کافی عرصے سے ٹرک آرٹ میں تصویریں بنانے کا سلسلہ مفقود ہوگیا تھا لیکن جنرل (ر) راحیل شریف کے آرمی چیف بنتے ہی یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا اور ملک بھر میں ٹرکوں پر ان کی تصاویر نظر آنے لگیں۔
راحیل شریف کے ریٹائر ہونے کے بعد ٹرک ڈرائیورز کو ایک اور ہیرو کی ضرورت تھی جس کی تصویروں کو وہ اپنے دلوں میں بسا سکیں لیکن اب ان کی یہ مشکل بھی حل ہوگئی ہے کیونکہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹریڈو نے پوری دنیا کی مخالفت مول لے کر مسلمانوں کیلئے ایسے اقدامات کیے ہیں کہ ٹرک ڈرائیورز نے فیصلہ کرلیا کہ اب ان کے ٹرکوں پر جسٹن ٹریڈو کی تصاویر بنیں گی۔