کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک شخص نے وین فٹ پاتھ پر چڑھا کر راہگیروں کو روند ڈال
اوٹاوا(نصیر ظفر ریذیڈنٹ ایڈیٹر) کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک شخص نے وین فٹ پاتھ پر چڑھا کر راہگیروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور امکان ہے کہ یہ ایک دہشت گردانہ حملہ ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 25 سالہ ایلک میناسیان نامی شخص نے ٹورنٹو کے مصروف علاقے میں فٹ پاتھ پر چلنے والے افراد پر وین چڑھا دی جس کے بعد اس نے بھاگنے کی کوشش کی جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔واقعے میں مجموعی طور پر 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
ٹورنٹو پولیس چیف مارک سندرس کا پریس کانفرنس کے دوران واقعے کے حوالے سے کہنا تھا کہ وین ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو ٹورنٹو کے علاقے رچمنڈ ہل کا رہائشی ہے جب کہ ملزم اس سے قبل کبھی پولیس کو مطلوب نہیں رہا۔
ٹورنٹو پولیس چیف سے سوال کیا گیا کہ کیا ملزم کے عالمی دہشتگردوں سے رابطے کے شواہد ملے ہیں جس پر ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم جائے وقوعہ سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے یہ کہا جائے کہ ملزم دہشت گرد ہے۔
پولیس چیف نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ ملزم نے جان بوجھ کر راہگیروں کو روندا تاہم عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔