کینیڈا کی دو امیر ترین شخصیات کی دولت 11 ملین غریبوں کے برابر
انٹرنیشنل ایڈ آرگنائزیشنز کے ایک گروپ آکس فیم ( Oxfam ) کے مطابق کینیڈا کی صرف دو کاروباری شخصیات ڈیوڈ ٹھامسن اور گیلن ویسٹن سینےئر کی مجموعی دولت کا تخمینہ 11 ملین کینیڈین غریبوں کی مجموعی دولت کے برابر لگایا گیا ہے۔ اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دنیا کی آٹھ امیر ترین شخصیات کی مجموعی دولت دنیا کی نصف غریب ترین آبادی کی مجموعی دولت کے برابر ہے۔ اس رپورٹ میں دولت اور آمدنی کے فرق کو بھی واضح کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق دولت تمام قرضوں اور واجب الادا رقوم کو منہا کرنے کے بعد بچ جانے والی رقم ہے جو بنکوں میں محفوظ رہتی ہے۔ جب کہ آمدنی کسی شخص کے ایک مخصوص عرصہ میں بنائے گئے یا حاصل کئے گئے تمام اثاثوں پر مشتمل ہوتی ہے۔ کسی شخص کا روزگار چلے جانے سے اس کی گزر اوقات اس کے لئے مسئلہ بن جاتی ہے۔ جب کہ دولت کے سلسلہ میں ایسا نہیں ہوتا۔ ایسے ممالک جہاں امیر اور غریب میں تفاوت زیادہ ہو وہاں جرائم کی شرح بھی زیادہ ہوتی ہے۔ دولت مند لوگ حکومت کی ترجیحات تبدیل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔