کیا ہم خوشی سے یوم آزادی منارہے ہیں, ووٹ کاتقدس ایجنڈا نمبر ایک, اس کیلئے اپنی جان لڑادوں گا, نواز شریف

لاہور (نیوز وی او سی) سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان قائد اعظم اور ووٹ کی طاقت سے بنا لیکن بد قسمتی سے قائد اعظم کی وفات اور قائد ملت کی شہادت کے بعد قانون کو نظر انداز کرکے نظریہ ضرورت ایجاد کر لیا گیا ، جس کے نتیجے میں پاکستان ٹوٹ گیا،آج دیکھناہوگاکہ کیا ہم خوشی سے یوم آزادی منارہے ہیں،70سال سے جاری تماشا بند نہ ہواتوملک پھرکسی بڑے حادثے کاشکارہوسکتاہے ،ووٹ کاتقدس ایجنڈا نمبر ایک ہے اور اس کیلئے اپنی جان لڑادوں گا۔یوم آزادی پر مزاراقبال پرحاضری کے بعدمیڈیاسے گفتگومیں انکا کہناتھاکہ جمہوریت عوام کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کا نام ہے جس کو قائم رکھنے کیلئے ہمیں ہر صورت ووٹ کے تقدس اور عوامی رائے کو برقرار رکھنا ہوگا، وقت آگیا کہ پاکستان کو قائد اعظم کے اصولوں پرچلایاجائے ، آج ہمیں یہ طے کرنا ہوگا کہ ہم ہر صورت ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھیں گے اور اسے اپنائیں گے ، ہمیں اس ملک کو قائدِاعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانا ہے لیکن بدقسمتی سے ہم اس پرقائم نہیں رہے بلکہ اِدھراُدھر بھٹکتے رہے اور ہمارے 70 سال ایسے ہی گزر گئے ، اگریہی تماشا چلتا رہا تو پاکستان پھر کسی بڑے حادثے کا شکار ہوسکتا ہے ، جس کا یہ متحمل نہیں ہو سکتا، افسوس کہ ملک ٹوٹنے سے ہم نے کوئی سبق نہیں سیکھا ، اپنے دل سے پوچھیں کہ کیا ہم خوشی سے یوم آزادی منارہے ہیں ، خوشی تو اس وقت ہوتی جب مشرقی پاکستان بھی ہمارے ساتھ ہوتا اور ترقی میں پیش پیش ہوتا۔ عدلیہ کو تنقیدکانشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دادا کے زمانے کے کیسز کو آج پوتا بھگت رہا ہے ، لیکن ان کیسز کا فیصلہ نہیں ہو رہا ، پاکستان بنانے کا مقصد یہ نہیں تھا کہ یہاں کسی کو انصاف نہ مل سکے ، پاکستان کی سرزمین چند لوگوں کی نہیں بلکہ 20 کروڑ عوام کی ملکیت ہے ، اگر یہاں چند لوگوں کے پاس گھر ہیں تو باقیوں کے پاس بھی ہونے چاہئیں ، میری نااہلی سے بہت بڑا سیٹ بیک ہوا ، جس سے ترقی کودھچکا لگا اور ملکی معیشت پر اثر پڑا جبکہ عوام کے روزگار بھی متاثر ہوئے ۔ اپنے دور حکومت کے تذکرے میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے گزشتہ 4 برس میں اپنے وعدے پورے کر کے دکھائے اور لوگوں کی توقعات پر پوری بھی اتری جس پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے ، اگر ایک سال اور رہتے تو لوڈ شیڈنگ ختم کرکے بجلی سستی کر دیتے اور لوگوں کو سستا اور فوری انصاف مہیا کرتے ، ووٹ کی حرمت کا خیال کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، جب بھی مسلم لیگ (ن) کی اگلی حکومت آئیگی تو آئینی ترامیم سب سے پہلی ترجیح ہوگی، ووٹ کا تقدس ایجنڈا نمبر ون ہے جسے یقینی بنایا جائیگا جبکہ اس مقصد کیلئے اپنی جان تک لڑا دونگا۔ قبل ازیں نوازشریف نے مزاراقبال پر پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی کی اورمہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے ، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال،وزیر تجارت پرویزملک، وزیرریلوے سعد رفیق،رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز اور دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں