کوشش ہے ملک میں الگ الگ چاند دیکھنے اور رمضان اور عیدیں منانے کی روایت ہمیشہ کیلئے ختم ہو ،ْسردارمحمد یوسف

نیا رویت ایکٹ ترامیم کے بعد جلد اسمبلی سے پاس کرا دیا جائیگا ،ْوفاقی وزیر مذہبی امور کی گفتگو
مانسہرہ ۔ 6 مئی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ملک میں الگ الگ چاند دیکھنے اور رمضان اور عیدیں منانے کی روایت ہمیشہ کیلئے ختم ہو، خیبر پختونخوا حکومت کا فرض ہے کہ وہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے، نیا رویت ایکٹ ترامیم کے بعد جلد اسمبلی سے پاس کرا دیا جائے گا جس کے بعد رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی کیلئے ایک مخصوص وقت اور طریقہ کار کا تعین کیا جائے گا، نئے رویت ایکٹ میں غیر قانونی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اعلان اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے قبل ٹی وی چینل پر چاند کے اعلان کرنے والوں کے خلاف جرمانوں کی تجاویز بھی دے گئی ہے۔
وہ گذشتہ روز مانسہرہ میں یتیم بچوں کے ادارہ صفہ اکیڈمی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی میاں ضیاء الرحمٰن، سردار ظہور احمد، تحصیل ناظم بالاکوٹ رستم خان، جمیل فاروقی اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں الگ الگ عیدیں اور روزے ہونے سے دنیا بھر میں پاکستان کی جانب سے کوئی اچھا پیغام نہیں جا رہا، اس سلسلہ میں مرکزی حکومت قومی اسمبلی میں رویت ایکٹ میں ترامیم لیکر آ رہی ہے جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلوں کے خلاف اپنے فیصلے مسلط کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، ہزارہ موٹر وے فیز ون اور فیز ٹو 2018ء سے قبل مکمل ہو جائیں گے، لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ کیلئے وزیراعظم نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے، 2018ء سے قبل لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صفہ اکیڈمی کامیابی کی طرف گامزن ہے جس کی اب اسلام آباد اور پنڈی میں بھی شاخیں قائم ہو چکی ہیں۔