کورکمانڈرز کانفرنس، ملک کو آگے لے جانے والے قومی اداروں سے تعاون کرتے رہیں گے، آرمی چیف
راولپنڈی ( نیوزوی او سی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ امن کے ثمرات فاٹا کو عوامی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں شامل کرنے سے جڑے ہیں، ملک کو آگے لے جانے والے قومی اداروں سے تعاون کرتے رہیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 210 ویں کور کمانڈرز کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی۔ کانفرنس میں ملک کی جغرافیائی و تذویراتی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ آپریشن ردالفساد پر پیش رفت اور خوشحال بلوچستان پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں ملک میں سیکیورٹی استحکام لانے میں تمام قومی اسٹیک ہولڈ ر ز کے کردار اور دہشت گردی مسترد کرنے میں با لخصو ص پرعزم پاکستانیوں کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امن و خوشحالی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں، دہشت گردوں سے پاک علاقے سول انتظامیہ کےحوالے کیے جارہے ہیں۔