کوئٹہ میں دھماکہ , 8 فوجیوں سمیت 15 شہید , 25 زخمی

اسلام آباد(نیوز وی او سی) کوئٹہ میں اولڈ پشین سٹاپ پر دھماکہ سے 8 فوجیوں سمیت15 افراد شہیداور 25 زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں10 فوجی جوان بھی شامل ہیں۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے پر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ڈیوٹی پرموجود سکیورٹی فورسز کی گاڑی کونشانہ بنایا جس کیلئے آتش گیرمواداستعمال کیاگیا ۔ دھماکے سے شدید آگ بھرک اٹھی ، ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے کئی راہگیر اور گاڑیاں بھی اس کی لپیٹ میں آ گئیں تاہم امدادی ٹیموں نے فوری طور پرموقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا جبکہ شہید ہونے والوں کی لاشیں بری طرح جھلس گئیں۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز پورے شہر میں سنی گئی۔ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ فوجی دستوں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو سی ایم ایچ اور دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر کے تمام ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ این این آئی کے مطابق 2گاڑیاں،4رکشے اور 2موٹرسائیکلیں تباہ ہو گئیں۔دھماکہ کے بعدشہربھر میں سکیورٹی سخت کردی گئی ۔مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیاگیا ۔وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اﷲ خان زہری نے دھماکہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ این این آئی اور آن لائن کا سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ حملہ خود کش تھا۔آن لائن کے مطابق سول ڈیفنس نے بتایا کہ خودکش حملے میں موٹرسائیکل استعمال کی گئی جس میں20 سے 25 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ اے ایف پی کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت انوار الحق کاکڑ نے بتایا کہ دھماکے میں32 افراد زخمی ہو ئے ہیں۔دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فورسز پر حملہ جشن آزادی کی خوشیوں کو ماندکرنے کی کوشش ہے لیکن ہم ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا ۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے یقین دلایاکہ دھماکے میں ملوث ملزمان کوگرفتارکرکے سخت کارروائی کی جائے گی ۔وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دنیا نیوز کو بتایا کہ شہر کو پہلے سے تھریٹ تھا ۔بے گناہ افراد کے خون کا بدلہ لیں گے ۔ صدر ممنون حسین، مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، چوہدری پرویز الٰہی ،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے دھماکے کی مذمت کی ہے