کنگنا ہدایتکاری کے میدان میں اترنے کی خواہشمند
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فلم منیکرنیکا کی شوٹنگ مکمل ہونے کے فوری بعد ہی فلم کی ہدایتکاری کریں گی۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اب اداکاری کے بعد ہدایتکاری کے میدان میں بھی اترنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ آج کل اپنی تیلگو فلم منیکرنیکا کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جب کہ اگلے سال شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد وہ اپنی فلم کی ہدایتکاری کرنے کی خواشمند ہیں۔
بالی ووڈ کوئن نے کہا کہ وہ اب اداکاری کے علاوہ ہدایتکاری کے میدان میں بھی خود کو منوانا چاہتی ہیں اور اب ہدایتکاری پر ہی توجہ دینا چاہتی ہوں جب کہ صرف ہدایتکاری ہی نہیں میں اپنی فلموں میں اداکاری بھی کرسکتی ہوں۔
کنگنا سے جب پوچھا گیا کہ وہ کس طرح کی فلم کی ہدایتکاری کی خواہشمند ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پہلی کامیڈی فلم بنائیں گی جب کہ اس کے علاوہ انہوں نے فلم کے بارے میں کسی بھی چیز کا حوالہ نہیں دیا۔
اداکارہ تیلگو فلم ’منیکرنیکا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ رانی لکشمی بائی کا کردارادا کریں گی جب کہ فلم اگلے سال اپریل میں ریلیز کی جائے گی۔