کمیشن نامنظور، پاناما کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ کرے: عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ کا موجودہ بینچ ہی کرے۔ کمیشن بنانے کی تجویز مسترد کرتے ہیں۔ عدالت کا فیصلہ قبول کرنا پڑے گا۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے ہمیں کمیشن بنانے کا آپشن دیا۔ تاہم ہم نے سب سے مشاورت کے بعد کمیشن کے قیام کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاناما کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ کا موجودہ بینچ ہی کرے۔ سپریم کورٹ کو کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنی چاہیے۔ عمران خان نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نواز شریف اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیں تو پھر کمیشن کو تسلیم کر لیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں کہا ان کے پاس منی ٹریل کے ثبوت ہیں جس کی دستاویزات عدالت میں دیں گے۔ لیکن وزیر اعظم کے وکیل نے کل عدالت میں کہا کہ کوئی دستاویزات موجود ہی نہیں ہیں۔ وزیر اعظم کی تقریر سیاسی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دستاویزات موجود ہی نہیں تھیں تو میں پوچھتا ہوں کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ کیوں بولا؟ وزیراعظم کے جھوٹ کے پیچھے اربوں کے اثاثے چھپے ہیں۔ اس جھوٹ کے پیچھے قوم کے اربوں روپے چوری ہو کر باہر گئے ہیں۔
عمران خان طیارہ حادثے کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے طیارہ حادثہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لیے دعا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنید جمشید کے انتقال پر بہت افسوس ہے۔ ڈپٹی کمشنر چترال بہت اچھا کام کرتے تھے، ان کے انتقال کا بھی بہت افسوس ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پی آئی اے کی سیفٹی کا ریکارڈ اتنا اچھا نہیں ہے۔ طیارہ حادثہ کی انکوائری ہونی چاہیے۔ حادثے سے سبق سیکھنا چاہیے تا کہ مستقبل میں ایسا نہ ہو۔