کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف کی افسران کو ہدایت
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس اف کینیڈا) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے شہر کے مختلف علاقوں کا سیوریج کا پانی نہروں میں ڈالنے کا نوٹس لیتے ہو ئے ایم ڈی واسا کی سر براہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جو سیوریج کے پانی کے ڈسپوزل کیلئے متبادل پلان تیار کر کے انہیں پیش کرے۔ انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو ہدایت کی کہ وہ نہروں کے ساتھ سڑکیں تعمیر کرنے سے قبل محکمہ آبپاشی سے این او سی حاصل کریں ۔ انہوں نے گوجرانوالہ ڈویژن میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ‘ ہائی ویز اور محکمہ بلڈنگز کے 16 منصوبوں کی منظوری بھی دی جن پر پر مجموعی طو رپر1445.045 ملین روپے لاگت آئے گی ۔
یہ منظوری کمشنر گوجر انوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے ڈویژنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے
ہو ئے دی۔ ڈپٹی کمشنر گوجر انوالہ محمد عامر جان ‘ ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ عبدالحمید قاسم ‘ سپرنٹنڈنگ انجینئر پبلک ہیلتھ بشیر بھٹی‘ ایکسیئن محکمہ بلڈنگز رانا غلام دستگیر‘ ایم ڈی واسا خالد بشیر بٹ‘ ڈائر یکٹر کالجز سرفراز احمد ورک‘ ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اقبال احمد‘ اسسٹنٹ ڈائر یکٹر فنانس مہر النساء ۔ اسسٹنٹ ڈائر یکٹر ٹیکنیکل محمد اسد‘ اسسٹنٹ ڈائر یکٹر پلاننگ جہانگیر بٹ اور محکمہ انہارکے افسران اجلاس میں شریک تھے۔
کمشنر کیپٹن (ر) محمد آصف نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں باہمی رابطے اور تعاون مزید بڑھائیں تاکہ عوامی مسائل فوری طو رپر حل ہو سکیں۔ اجلاس میں محکمہ انہار کے افسران نے نشاندہی کہ شہر کے کچھ علاقوں کا سیوریج کا پانی نہروں میں ڈالا جا رہا ہے جس سے نہ صرف پانی آلودہ ہو رہا ہے بلکہ شہر کے حسن کو بھی متاثر کر رہا ہے ۔ جس پر کمشنر نے ایم ڈی واسا کی سر براہی میں کمیٹی تشکیل دی۔
اجلاس میں بتایاگیاکہ گوجر انوالہ میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 6 سکیموں پر575.09 ملین روپے‘ گجرات میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور محکمہ ہائی ویز کی ایک ایک سکیموں پر267.155 ملین روپے ‘ منڈی بہاؤالدین میں ہائی ویز اور محکمہ بلڈنگز کی دو دو سکیموں پر257.08 ملین روپے اسی طرح سیالکوٹ میں پبلک ہیلتھ کی 4 سکیموں پر345 ملین روپے لاگت آئے گی ۔اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئر پبلک ہیلتھ و دیگر افسران نے کمشنر کو فنڈز کی صورتحال اور سکیموں کی پیش رفت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ عبدالحمید قاسم نے اجلاس کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔