کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف سماعت مقرر،سماعت پاناما کیس سننے والے ججز ہی کریں گے
اسلام آباد 17 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
سپریم کورٹ نے این اے 120 سے مسلم لیگ ن کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔سپریم کورٹ کا 3رکنی بینچ 18 ستمبرکو سماعت کرے گا۔پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کی جانب سے پہلے ریٹرننگ افسر کے پاس اعتراضات داخل کرائے گئے جنہیں ریٹرننگ افسر نے مسترد کرکے کاغذات کو منظور کیا۔
ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو پیپلزپارٹی نے اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج کیا تاہم لاہور ہائیکورٹ کے پینل نے اس اعتراض کو بھی مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حلقے سے پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی ہے جس میں بیگم کلثوم نواز، الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے فیصل میر کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے سماعت کے لیے مقرر کردیا۔تین رکنی بینچ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 18 ستمبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے اپنی درخواستوں میں موقف اپنایا کہ کلثوم نواز نے اپنے کاغذات میں اقامے کے معاہدے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔(ن )لیگ نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا تاہم ان کی نامزدگی کیخلاف پہلے دن سے ہی اپوزیشن جماعتیں متحرک ہیں۔ واضح رہے کہ اس پٹیشن کی سماعت کرنے والے تینوں ججز وہی ہیں جن کی جانب سے پانامہ کیس کی سماعت بھی کی گئی تھی۔