کلثوم نواز کی طبیعت مزید بگڑ گئی، وینٹی لیٹر پر منتقل
سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعداُنہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بریفنگ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کلثوم نواز 20گھنٹے سے وینٹی لیٹر پر ہیںاور انہیں اب تک ہوش نہیں آیا ہے جبکہ کلثوم نواز کو دل کا دورہ بھی پڑا ہے۔
مریم کا ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہے کہ امی کو آج صبح دل کا دورہ پڑا ہے جب ہم فلائٹ میں تھے، جب سے وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔
مریم نواز نے والدہ صحتیابی کے لئے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔
کلثوم نواز کو گزشتہ رات حالت بگڑنے پر اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں تھیں، جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنے والے ڈاکٹرز نے گزشتہ روز ان کا معائنہ کیا اور کمزوری کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔
علاوہ ازیں نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم کے ساتھ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن پہنچ چکے ہیں اور شریف خاندان کے افراد اسپتال میں ہی موجود ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری دعائیں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ہیں، اللہ اُنہیں شفائے کاملہ عطا فرمائے۔
قبل ازیں نوازشریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سےمتعلق آگاہ کیاگیا۔
مریم نواز نے لندن روانگی کے موقع پر سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میں اپنی والدہ سے ملنے اور انہیں گلے لگانے کے لیے بیتاب ہوں۔
ادھر شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے دعا کریں۔
واضح کہ کینسر کے عارضے میں مبتلاسابق وزیراعظم نواز شریف بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں