کلبھوشن معاملہ، عالمی عدالت کل فیصلہ سنائے گی
بھارتی جاسوس کلبھوشن کی سزائے موت کیخلاف بھارتی درخواست پر عالمی عدالت کا فیصلہ کل سنایا جائےگا۔
دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف بھارتی درخواست پر فیصلہ کل سہ پہر 3بجے سنائے گی ۔
عالمی عدالت انصاف میں بھارت نے انڈین نیوی کے سابق افسر، را کے جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن کی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کے لئے عالمی عدالت انصاف میں درخواست دائر کی تھی ۔
دو روز قبل ہونے والی سماعت میں عدالت نے بھارتی اور پاکستانی حکام کے دلائل سنے، جہاں پاکستان کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے بیرسٹر خاور قریشی نے کہا کہ ویانا کنونشن کے تحت عالمی عدالتِ انصاف کا دائرہ اختیار محدود ہے اور کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت میں نہیں لایا جا سکتا۔
پاکستان کے وکیل نے کہا کہ بھارت کے دلائل میں تضاد ہے اور وہ غلط بیانی سے کام لے رہا ہے،پاکستان نے کلبھوشن کی سرگرمیوں کے ٹھوس شواہد فراہم کیے ،جو بھارت نے عدالت میں پیش نہیں کئے۔
بھارت نے بین الاقوامی عدالت سے اپیل میں کہا تھا کہ کلبھوشن کو پاکستان نے ایران میں اغوا کر لیا تھا جہاں وہ بھارتی بحریہ سے ریٹائر ہونے کے بعد تجارت کر رہے تھے۔