ایڈیٹرکاانتخاب

کشمیر یوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے ،نوازشریف

اسلام آباد ( خبرایجنسیاں) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے کو کشمیر میں بھی مکمل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ، حق خود ارادیت کے حصول کے لئے بھارتی ظلم و جبر کا مقابلہ کرنے والے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کشمیر کونسل انتخابات میں لیگی امیدوار سردار عبد الخالق اور چوہدری صدیق کو مبارکباد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں نو منتخب ارکان آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے منشور کے مطابق وفاقی حکومت کے ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کو آگے بڑھائیں گے ، ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو کشمیر میں بھی مکمل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر حالیہ انتخابات میں بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جس کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہوئی ، اب ہمیں اپنی تمام تر توانائیاں عوام کی خدمت اور آزاد کشمیر میں سماجی اور معاشی ترقی پر صرف کرنی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا جو اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے بھارتی ظلم و جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہم مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم عوام کی جدوجہد آزادی کی تحریک کی ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button