کشمیر پر جماعت الدعوة اور حکومت کا موقف یکساں نہیں ، مزید گرفتاریاں و نظر بندیاں ہو سکتی ہیں: رانا ثنا اللہ
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان نے حافظ سعید سمیت پانچ افراد کی نظر بندی کے فیصلے کے بعد ایک اوراعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پر جماعت الدعوة اور حکومت کا موقف یکساں نہیں ہے، فورتھ شیڈول کے تحت مزید گرفتاریاں اور نظر بندیاں ہو سکتی ہیں۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کسی کو اپنی زمین پر انتہاپسندی کی اجازت نہیں دے سکتے، کشمیر پر جماعت الدعوة کا موقف پاکستان کے موقف سے مطابقت نہیں رکھتا۔ حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں کو واچ لسٹ پر رکھنے کا مقصد سرگرم عہدیدارن پر نظر رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے فورتھ شیڈول کے تحت مزید گرفتاریاں اور نظر بندیاں ہو سکتی ہیں۔واضح رہے کہ پیر کے روز حکومت پنجاب نے حافظ سعید اور ان کے 4 ساتھیوں کو نظر بند کرنے اور جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کو واچ لسٹ میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔