کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیاجائے ( عبد الرشید ترابی امیر اور قانون ساز اسمبلی کے رکن جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر)
گوجرانوالہ/ 25مئی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر کے امیر اور قانون ساز اسمبلی کے رکن عبد الرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں۔وقت کا تقاضا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیاجائے۔نہتے کشمیری بچوں اور خواتین پربدترین ریاستی تشددکیاجارہاہے۔جب تک عالمی برادری مسئلہ کشمیر کاپُرامن حل نہیں نکالے گی دنیا میں امن کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ آے روز بھارت کنٹرول لاین پر بلااشتعال شیلنگ کرتا ہے سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر لاین آف کنٹرول کے اس طرف اپنی بڑہاس نکالتا ہے یہاں تک کے اقوام متحدہ کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیاہے اور دوسری جانب مقبو ضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے ۔بھارت کی ریاستی دہشت گردی پرعالمی میڈیاٹس سے مس نہیں ہورہا۔ظلم وجبر کی ریاستی پالیسی سے ہندوستان کااصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔مقبوضہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے۔ہم اس سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہوسکتے۔دنیا کو کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کااعتراف کرنا ہوگا۔یہ پاکستان کی بقاء کامعاملہ ہے۔حکومت پاکستان کوبھارت کی ہر مذموم کاروائی کامنہ توڑ جواب دینا چاہئے۔پوری پاکستانی قوم کشمیر کے ایشوپرمتفق ہے۔ہندوستان ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں مصروف ہے تودوسری جانب پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی اور دہشت گردانہ کاروائیوں میں براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اول روز سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑاہے۔تین کروڑ کشمیری عوام کو ہندوستان کی 7لاکھ فوج نے یرغمال بنارکھا ہے۔گزشتہ 70برسوں کے دوران ایک لاکھ سے زائدکشمیریوں کو شہید،20ہزارسے زائد خواتین کی بے حرمتی،لاکھوں بچوں کو یتیم اور ہزاروں بے گناہ نوجوانوں کومختلف عقوبت خانوں میں ڈالاجاچکا ہے۔عالمی دنیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو رکوانے اور مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے لیے اپنا کردار اداکرے۔بھارتی حکومت بندوق کے زور پر کشمیریوں سے ان کی آزادی کا حق چھین رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان سے الحاق کے خواہشمندغیور کشمیری بھارت کے دن رات مظالم سہہ رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے ظلم کے تما م سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ اب بھی مقبوضہ کشمیر میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔خواتین کی بے حرمتی کے واقعات اور اجتماعی قبروں کے انکشافات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔