پاکستان

کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ ہمیں جھوٹا کہہ کر تذلیل کرے، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا بیان ہماری قربانیوں کامذاق اڑانےکےمترادف ہے کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ جھوٹا کہہ کر ہماری تذلیل کرے۔
پولیس لائنز اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کےدشمن ہمیں غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں کیونکہ امن اورترقی ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست منسلک ہے، ملک کو پرامن بنانے اور اسے انتشار سے بچانے کیلیے ہمیں سمجھ داری سے کام کرنا ہے، جمہوریت میں سب کو مظاہرے کرنےکا حق ہے لیکن ہم کسی کو انتشارپھیلانے کا لائسنس نہیں دے سکتے، ہم کسی کو پاکستان کےامن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ امریکی صدر کا بیان ہماری قربانیوں کامذاق اڑانےکےمترادف ہے، افغانستان سےروس کے انخلا کے بعد امریکا ہاتھ جھاڑ کر نکل گیا، روس کے ساتھ جنگ کے دوران لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان آئے، امریکا میں تو شام سے کسی ایک مہاجر کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے لیکن ہم نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کابوجھ برداشت کیا۔ امریکی یونیورسٹیوں میں وہ نصاب تیار کیا گیا جسے پڑھ کر لوگ ملک میں سوویت کےخلاف لڑسکیں، اسلحے کی ان فیکٹریوں اور نظریات کو ترقیاتی کام نہیں کرنا تھا۔ امریکا کا ساتھ دے کر ہمیں دہشتگردی اور منشیات جیسے مسائل ملے، امریکا نے افغانستان میں ہتھیاروں کے انبار چھوڑے، امریکا کےپھیلائے ہوئے کانٹوں کو پاکستان چُن رہا ہے، ہم نے خطےمیں امن کے لیے ہمیشہ کوششیں کی ہیں، دہشتگردی کےخلاف جنگ میں جتنی قربانیاں پاکستان نے دیں کسی اورنے نہیں دی۔ امریکا پاکستان کوطعنے دینے کے بجائے اس کے کردار کی تعریف کرے
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدرکابیان پاکستان کی قربانیوں پر کھلا مذاق ہے، کسی کو حق نہیں ہماری تذلیل کرے اور ہمیں جھوٹا کہے۔ ہم عزت کے ساتھ زہر بھی پی لیں گے، افغانستان میں دہشتگردی ختم کرناہماری خارجہ پالیسی کی بھی ترجیح ہے، خطے میں ہم نے ان دہشت گرد قوتوں کا مقابلہ کیا ہے جو افغانستان میں دہشتگردی کررہی ہیں، اگر افغانستان میں موجود دہشت گردوں کا مقابلہ نہ کیا ہوتا تو یہ پورے خطے کے لیے خطرہ بنتے لیکن اگر افغانستان میں امن کو بھارت کی نظر سے دیکھا جائےگا تو شاید یہ کوشش کامیاب نہ ہوسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button