کسی غیر قانونی اور غیر آئینی طریقہ سے منتخب لوگوں کو ہٹانے کی کوشش کی گئی تو نتائج سب کے سامنے ہونگے، وزیر مملکت برائے صحت

(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پانامہ قانونی نہیں سیاسی مقدمہ ہے ،کسی کو زبردستی وعدہ معاف گواہ بنایا جا رہا ہے تو کسی سے سادہ کاغذ پر دستخط کروائے جا رہے ہیں یہ کہاں کی تحقیقات اور کہاں کا انصاف ہے، وزیر مملکت کی میڈیا سے گفتگو
وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا ہے کہ اگر کسی غیر قانونی اور غیر آئینی طریقہ سے منتخب لوگوں کو ہٹانے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج سب کے سامنے ہونگے، اگر وزیر اعظم نواز شریف یا کسی بھی اور منتخب نمائندے کو جبری یا بلڈوز کر کے لئے ہٹایا گیا تو یہ نہ صرف شریف خاندان بلکہ پورے پاکستان سے زیادتی ہو گی ۔
پانامہ کوئی قانونی مقدمہ نہیں بلکہ سیاسی مقدمہ ہے جس میں وزیر اعظم میاں نواز شریف اور انکے پورے خاندان کو ملوث کیا جا رہا ہے،کسی کو زبردستی وعدہ معاف گواہ بنایا جا رہا ہے تو کسی سے سادہ کاغذ پر دستخط کروائے جا رہے ہیں یہ کہاں کی تحقیقات اور کہاں کا انصاف ہے۔حافظ آباد کے مختلف قصبات اور دیہات دوست پورہ،توحید نگر اور پیر کوٹ میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبوں کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ حسن اور حسین نواز کو ایک بار پھر تحقیقات کے لئے بلوایا گیا ہے جبکہ سپریم کورٹ میں جو ریفرنس دائر کیا گیا اس میں مریم نواز کا نام ہی نہیں لیکن اس کے باوجود مریم نواز کو بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے ۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ہی ترقی کی لیکن کبھی اندرونی اور کبھی بیرونی طاقتوں کے زریعے انکی حکومت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ۔انکا کہنا تھا کہ پانامہ کیس کے لئے بنائی جانے والی جے آئی ٹی وزیر اعظم نواز شریف،وزیر اعلیٰ پنجاب سے نہ صرف کاروباری سطح پر بلکہ انکے بچپن اور سکول کالج کے دور کی بھی تحقیقات کر رہی ہے ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حالات کچھ بھی ہوں عمران خاں کے وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا،اس موقعہ پر وزیر مملکت نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے ایک پنجابی کہاوت بھی سنائی جس میں انکا کہنا تھا کہ(میراثی کا بیٹا میراثی ہی رہتا ہے کبھی چودھری نہیں بن سکتا)۔
قبل ازیں وزیر مملکت نے عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ حافظ آباد میں اربوں روپے کی لاگت سے سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جو انشاء اللہ 2018میں مکمل ہو جائیں گے جن سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے تمام وعدے بھی پورے ہو جائینگے انکا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے حافظ آباد میں تعلیم،صحت سمیت دیگر شعبوں میں مثالی اور انقلابی اقدامات کیے ہیں ۔