ایڈیٹرکاانتخاب

کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا

راولپنڈی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پاک فوج نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ ہم ایل او سی پر امن برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں تاہم بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا جس کیلئے جگہ اور وقت کا انتخاب ہم کرینگے اور اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت کے جارحانہ طرز عمل پر ہوگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشن کا بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول /ورکنگ بائونڈری پر سیزفائر کی حالیہ خلاف ورزیوں کے تناظر میں خصوصی ہاٹ لائن رابطہ پیر کی صبح دس بجے ہوا۔ پاکستانی ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھارتی فوجیوں کی جانب سے ایل او سی /ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور بے گناہ شہریوں کو مسلسل نشانہ بنانے کامعاملہ اٹھایا۔ یکم جون 2017ء کو بٹل، تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹر میں سیزفائر کی خلاف ورزی کا خاص طور پر ذکرکیا گیا جس کے نتیجہ میں بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ پاکستانی ڈی جی ایم او نے بھارتی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ بے گناہ شہریوں کا قتل اور غلطی سے ایل او سی عبور کرنیوالوں کو درانداز قرار دینا انتہائی غیرپیشہ وارانہ اور غیرفوجی عمل ہے ڈی جی ایم او پاکستان آرمی نے مبینہ دراندازی کے حوالے سے قابل کارروائی ثبوت طلب کئے اور بھارتی ہم منصب سے کہاکہ وہ مسئلے کی درست نشاندہی کیلئے اپنی صفوں میں جھانکیں۔قبل ازیں بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھاکہ بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل اے کے بھٹ اور انکے پاکستانی ہم منصب میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں کنٹرول لائن کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ددنوں فریقین نے سرحد پر جنگ بندی معاہدے پر کار بند رہنے پر اتفاق کیا۔بھارتی فوج کے ذارئع کا کہنا ہے کہ دونوںممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان بات چیت صبح ساڑھے دس بجے پاکستانی ڈی جی ایم او کی درخواست پر ہوئی ۔ بھارتی ڈی جی ایم اولیفٹیننٹ جنرل اے کے بھٹ نے سرحد پر امن وسکون کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اظہا رکیا۔آئی این پی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کشیدگی میں اضافہ پاکستان اور بھارت دونوں کے مفاد میں نہیں ہے، مسلح افواج اور قوم وطن کے چپے چپے کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، حکومت نے پاکستان کادفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button