کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان کو کنگال اور عالمی بھکاری بنادیا،معاشی اور سیاسی دہشتگردوں کیخلاف عوام کو ردالفساد کرناہوگا، سراج الحق
لاہور(نیعز وی او سی آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں سیاسی و معاشی دہشتگردی کا محاسبہ کریں ، کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان کو کنگال اور عالمی بھکاری بنادیاہے ، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ، اقتدار ملا تو ملک کو خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے ، تعلیم مفت ، اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی ، پانچ بیماریوں کا مفت علاج معالجہ کریں گے ، قوم کا بچہ بچہ جانتاہے کہ حکمرانوں نے کرپشن میں سپیشلائزیشن کر رکھی ہے وہ لوٹ کھسوٹ او ر ڈکیتی کے ماسٹر مائنڈ ہیں ،حکمرانوں نے صوفے بھی نوٹوں سے بھر رکھے ہیں ، ملک کو مالی اور اخلاقی کرپشن سے بچانا ہے ، ردالفساد کے نتیجہ میں بہتری آئی ہے مگر کرپشن کے خلاف فوج ، رینجرز اور پولیس آپریشن نہیں کرسکتی،معاشی اور سیاسی دہشتگردوں کے خلاف عوام کو ردالفساد کرناہوگا۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام سالانہ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پروفیسر عبدالرشید ، معروف صحافی سلمان غنی ، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستا ن کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکاخیل ، ناظم جمعیت لاہور جبران بن سلمان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ ملک پر 70 ارب ڈالر بیرونی قرضہ ہے جبکہ سینکڑوں ارب ڈالر پاکستان سے باہر غیر ملکی بنکوں میں پڑے ہیں ، جس سے ثابت ہوتاہے کہ پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل ہیں لیکن کرپٹ حکمرانوں کی بدولت عوام مفلو ک الحال ، پاکستا ن بدحال جبکہ حکمران خوشحال سے خوشحال تر ہوتے جارہے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران قائد اعظم کے پاکستان کی حفاظت کرنے اور دنیا میں اس کے وقار کو سربلند رکھنے میں ناکام ہوئے ہیں ۔ کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کے نظریے اور جغرافیہ دونوں سے بے وفائی اور ردگردانی کی ۔ پاکستان کا سبز پاسپورٹ دنیا کے ہر ایئر پورٹ پر بدنام ہورہاہے ۔ کرپٹ اور بددیانت حکمرانوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح پاکستان کو چراگاہ بنارکھاہے ۔ حکمران عالمی استعمار اور امریکہ کی غلامی کا طوق گلے سے اتارنے کے لیے تیار نہیں ۔ اقتدار میں آ کر پائی پائی کا حساب لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں ۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے کھولیں گے ۔ عوام تعلیم، صحت ، بے روزگاری ، مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں مگر حکمران سب اچھا کی گردان کررہے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نوجوان ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے عظیم الشان آپریشن کے لیے تیار ہو جائیں ۔ کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل کیے بغیر غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، جہالت اور لوڈشیڈنگ جیسی بیماریوں سے جان نہیں چھوٹ سکتی ۔ انہو ں نے کہاکہ قائداعظم ؒ کے اس خواب کو شرمند�ۂ تعبیر نوجوانوں نے کرناہے کہ پاکستان دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے قلعہ اور اسلام کی تجربہ گاہ بنے گا ۔سینئر صحافی و تجزیہ نگار سلمان غنی نے کہاکہ پاکستا ن کے نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور اسلامی جمعیت طلبہ ملک کی اسلامی و نظریاتی تشخص کے لیے بے مثال قربانیاں ہیں ۔نوجوان علم و ادب اور تحقیق پر توجہ دیں ۔ جمعیت نے سیکولرازم اور لبرل ازم کے خلاف نظریاتی جنگ جیتی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ کشمیر پاکستا ن کی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی کے لیے سب کو اپنی اپنی سطح پر بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے ۔