کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ،قوم مائنس کرپشن فارمولے کی کامیابی کیلئے یکسو ہے : مسرت چیمہ
لاہور( این این آئی)تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ، پوری قوم مائنس کرپشن فارمولے کی کامیابی کیلئے یکسو ہے اور اس کے بعد دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی ، پی ٹی آئی کے جلسوں سے نام نہاد حکمرانوں کی مقبولیت کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 124میں حلقے کے متحرک کارکنوں اور خواتین کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر خواتین نے پی ٹی آئی رہنما کو اپنے دیرینہ مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ابتر حالات کے باعث دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے ۔مسرت چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کرپشن کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے تھے اور اس کے ذریعے بار بار اقتدار کی باریاں لی جاتی رہی ہیں۔ مختلف اداروں کی رپورٹس ہیں کہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے جاری ہونے والے فنڈز کا 56فیصد کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آج سے پہلے صرف چھوٹی چوریاں کرنے والے قانون کے شکنجے میں آتے رہے ہیں اور عمران خان کی لازوال جدوجہد کے نتیجے میں پہلی بار ایک طاقتور ترین خاندان کا احتساب ہو رہا ہے.
انہوں نے کہا کہ حکمران اداروں پر اس لئے انگلیاں اٹھا رہے ہیں کیونکہ پہلے انہی سے ریلیف لیا جاتا رہا ہے لیکن اب اداروں نے بھی درست سمت کا تعین کرنے کی ٹھان لی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات قوم کا امتحان ہوگا ،اب انہیں اپنے بچوں او رآنے والی نسلوں کے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہے بصورت دیگر ہمارے پاس پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں بچے گا۔