پاکستان

کراچی: نارتھ کراچی حادثے کے بعد کشیدگی، ڈمپر ایسوسی ایشن کا احتجاج، سہراب گوٹھ پر ہنگامہ آرائی

👇👇👇🇵🇰🤝🇨🇦
Voice of Canada اردو

کراچی: نارتھ کراچی حادثے کے بعد کشیدگی، ڈمپر ایسوسی ایشن کا احتجاج، سہراب گوٹھ پر ہنگامہ آرائی

رپورٹ: بشیر باجوہ | وی او سی اردو | تاریخ: 10 اپریل 2025

نارتھ کراچی میں ڈمپر کی موٹرسائیکل سوار شہری کو ٹکر کے بعد مشتعل افراد کے ہاتھوں سات ڈمپرز کو آگ لگانے کے واقعے نے شہر میں کشیدگی کی فضا پیدا کر دی ہے۔ واقعے کے خلاف ڈمپر ڈرائیوروں اور ایسوسی ایشن نے شدید احتجاج شروع کر دیا ہے۔

ڈمپر ایسوسی ایشن کے رہنما لیاقت محسود نے پاور ہاؤس چورنگی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی 11 گاڑیوں کو جلایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر واقعی کوئی زخمی ہوا ہے تو اسے سامنے لایا جائے، ورنہ ان کے خلاف کارروائی زیادتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈرائیوروں کو تحفظ دیا جائے اور گاڑیوں کو آگ لگانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سہراب گوٹھ پر ڈمپر ڈرائیوروں نے لدھا ہوا کچرا آل آصف اسکوائر کے قریب سڑک پر گرا دیا، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ سپر ہائی وے جانے والا ایک ٹریک مکمل طور پر بند کر دیا گیا جبکہ آل آصف اسکوائر سے سپر ہائی وے آنے اور جانے والے راستے پر بھی ٹریفک جام ہو گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق سہراب گوٹھ پر متعدد ڈمپروں سے کچرا سڑک پر گرایا گیا، جس کے بعد موقع پر پولیس کی نفری بھی پہنچ گئی تاکہ حالات کو کنٹرول کیا جا سکے۔ تاہم شام گئے تک علاقے میں ہنگامہ آرائی اور تناؤ کی کیفیت برقرار تھی۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک نظام کی بحالی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فوری مداخلت کی جائے تاکہ روزمرہ معمولات متاثر نہ ہوں۔

وی او سی اردو: تحقیقی، تجزیاتی اور غیر جانبدار صحافت کا معتبر پلیٹ فارم
مزید خبروں کے لیے وزٹ کریں: www.newsvoc.com
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k

ڈسکلیمر:
یہ خبر ابتدائی اطلاعات کی بنیاد پر دی گئی ہے، جس کا مقصد صرف عوامی آگاہی ہے۔ وی او سی اردو کسی قانونی دعوے یا الزام کی تصدیق یا تردید کا ذمہ دار نہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button