پاکستان

کراچی میں جس جماعت کے ہیڈکوارٹر کے قریب اسلحہ پکڑا گیا شک بھی اسی پر جائیگا، وزیراعلیٰ سندھ

سیاسی جماعت كے ہیڈ كوارٹرز كے قریب سے بھاری تعداد میں اسلحہ كی برآمدگی سے كئی سوالات پیدا ہوگئے ہیں، مراد علی شاہ، فوٹو؛ فائل
كراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے كہا ہے كہ شہر میں ایك سیاسی جماعت كے ہیڈ كوارٹر كے قریب واقع مكان سے بھاری تعداد میں اسلحہ كی برآمدگی سے كئی سوالات پیدا ہوگئے ہیں اور جس سیاسی پارٹی کے ہیڈ کوارٹر کے قریب اسلحہ پکڑا گیا تو شک بھی اسی پر جائے گا۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عزیزآباد كے علاقے سے بھاری تعداد میں برآمد كیے جانے والے اسلحہ سے متعلق تحقیقات كا حكم دے دیا، جس مكان سے اسلحہ برآمد ہوا وہ ایك سیاسی جماعت كے ہیڈ كوارٹر كے بہت قریب ہے اسی لیے لوگ یہ سوال كررہے ہیں كہ جو اسلحہ وہاں ركھا گیا تھا وہ كس كی ملكیت تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس سیاسی جماعت کے ہیڈ کوارٹر کے قریب سے اسلحہ ملا ہے تو شک بھی اسی پر جائے گا تاہم معاملے كی چھان بین ہورہی ہے اور تحقیقات مكمل ہونے كے بعدسب كچھ بہت واضح طور پر سامنے آجائے گا۔
نیب سے متعلق ایك سوال كے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے كہا كہ یہ بات بڑی حیران كن ہے كہ نیب كے سامنے بڑے بڑے اسكینڈلز اور انكوائریز ہیں لیكن وہ انہیں چھوڑ كر سندھ میں چھوٹے موٹے معاملات كے پیچھے لگا ہوا ہے تاہم انہیں اس كی كوئی پرواہ نہیں كہ نیب یہاں كیا كررہا ہے، وہ اپنے كام میں بہت زیادہ مصروف ہیں اور سندھ كی خدمت كرنا چاہتے ہیں
وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا كہ سندھ میں اینٹی كرپشن كے كردار كو بڑھایا جارہا ہے اور اینٹی كرپشن اسٹیبلشمنٹ كی جانب سے بڑے معاملات كی تحقیقات كیلیے قانون میں ترمیم كی جارہی ہے۔ سندھ میں كرپشن سے متعلق پائے جانے والے تاثر كو رد كرتے ہوئے مراد علی شاہ نے كہا كہ یہ ایك پرانا معاملہ ہے، وہ گڈگورننس كے قیام کے لیے دن و رات كام كررہے ہیں، صوبے میں اگرایك مرتبہ گورننس میں بہتری آجائے تو پھرہر قسم كی بدعنوانی از خود اپنی موت آپ مرجائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایم كیو ایم استعفے دے یا نہیں ، ہم اپنا كام كرتے رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button