پاکستان

کراچی میں امن کا قیام پاک سر زمین پارٹی کا کارنامہ ہے, مصطفیٰ کمال

3 مارچ 2016ء کو جو آواز لگائی اس پر لوگوں کی جانب سے لبیک کہنے کا سلسلہ آج تک جاری ہے ، ورکرز اجلاس سے خطاب کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی کی قیادت ملک بھر میں باکردار اور با عمل ہونے کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے ، اس لیے کارکنان بھی اپنا کردار بلند کریں، سچائی اور حب الوطنی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے ۔ ہم عام سیاست نہیں کر رہے بلکہ آئندہ آنے والی نسلوں کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ 3 مارچ 2016 ء کو جو آواز لگائی اس پر لوگوں کی جانب سے لبیک کہنے کا سلسلہ آج تک جاری ہے ۔ یہ پاک سرزمین پارٹی کا کارنامہ ہے کہ کراچی میں امن قائم ہوا، لوگوں کے ذہن بدل گئے اور لوگ آپس میں متحد ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں انیس قائم خانی، رضا ہارون و دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جب سچ بولنے کی سزا موت ہوتی تھی ایسے ماحول میں پی ایس پی کے کارکنان نے حق و سچ کی راہ پر لبیک کہا ، اس لیے پی ایس پی کے کارکنان لائق تحسین ہیں ۔ پاک سر زمین پارٹی کا منشور ملک بھر میں فرقوں، قومیتوں ، برادریوں، زبانوں کی بنیاد پر بٹے ہوئے لوگوں کو متحد کر کے ایک پاکستانی قوم بنانا ہے ۔ جو بات ہم نے 3 مارچ2016 کو کی آج بھی اس پرقائم ہیں ۔ اس موقع پر رضا ہارون نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کی کامیابی میں قیادت سمیت ہر کارکن کی محنت شامل ہے ، جس کے لیے پارٹی کا ہر کارکن تحسین کا مستحق ہے ۔ ہمیں اپنے مسائل کے حل کے لئے تمام تفریقات سے بالا تر ہو کرمتحد ہونا ہو گا ، تاکہ ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات سے نکالا جا سکے ۔ علاوہ ازیں پاک سرزمین پارٹی کے تحت محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی بر قرار رکھنے اور شہر میں قیام امن کیلئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں مصطفی کمال نے اتوار کو نشترپارک میں منعقد ہونیوالی مجلس میں شرکت کی اور مولانا شہنشاہ حسین نقوی سے ملاقات بھی کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button