کراچی میں آٹے کی ہول سیل قیمتوں میں 13 روپے فی کلو تک کمی، دکانوں پر مہنگے داموں فروخت بدستور جاری

👇👇👇🇵🇰🤝🇨🇦
Voice of Canada اردو
کراچی میں آٹے کی ہول سیل قیمتوں میں 13 روپے فی کلو تک کمی، دکانوں پر مہنگے داموں فروخت بدستور جاری
رپورٹ: بشیر باجوہ | وی او سی اردو | تاریخ: 9 اپریل 2025
کراچی: گندم کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد شہر میں آٹے کی ہول سیل قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، تاہم خوردہ سطح پر عوام کو اب بھی مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
کراچی ہول سیلرز گروسرز ایسوسی ایشن (KWGA) کے چیئرمین رؤف ابراہیم کے مطابق، ڈھائی نمبر آٹے کی ہول سیل قیمت 80 روپے فی کلو سے کم ہوکر 67 روپے جبکہ فائن آٹے کی قیمت 84 روپے سے کم ہوکر 76 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
تاہم، متعدد دکاندار اب بھی ڈھائی نمبر آٹا 100 روپے اور فائن آٹا 110 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں، جبکہ چکی کا آٹا 120 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ بعض خوردہ فروشوں نے آٹے کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی کا دعویٰ کیا ہے اور ڈھائی نمبر آٹا 90 روپے، فائن آٹا 100 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں، لیکن یہ نرخ اب بھی ہول سیل قیمت سے خاصے زیادہ ہیں۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے مرکزی ایگزیکٹو ممبر عامر عبداللہ کے مطابق، گندم کی قیمتوں میں 15 روپے فی کلو کمی کے بعد آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔
دوسری جانب، نان اور چپاتی کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں آ سکی۔ 100 گرام چپاتی 10 روپے، 120 گرام تندوری نان 15 روپے، 140 تا 150 گرام نان 18 روپے، اور 180 گرام وزنی نان 23 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومتی ادارے خوردہ قیمتوں پر نظر رکھیں تاکہ ریلیف کا حقیقی فائدہ عوام تک پہنچ سکے۔
—
وی او سی اردو: تحقیقی، تجزیاتی اور غیر جانبدار صحافت کا معتبر پلیٹ فارم
مزید خبروں کے لیے وزٹ کریں: www.newsvoc.com
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k