کالا ہرن شکار کیس؛ کیا سلمان خان سیف کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں؟
ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے چاہنے والوں کا کہنا ہے کہ سلو میاں کسی اور کے گناہوں کی سزا اپنے سر پر لے رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے سلمان خان کو جودھ پور کی عدالت کی جانب سے کالے ہرن کے شکار کے 19 سال پرانے کیس میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جب کہ ان کے ساتھ نامزد دیگر اداکاروں سیف علی خان، تبو، نیلم اور سونالے باندرے کو بری کردیا تھا۔ باقی تمام اداکاروں کو آزاد کرکے صرف سلمان خان کو سزا دینے پر جہاں میڈیا میں چہ مہ گوئیاں ہوئیں وہیں سلمان کے چاہنےوالوں کا کہنا تھا کہ ان کے پسندیدہ اسٹار کو جان بوجھ کر سزادی گئی ہے۔ یہ بحث ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ اس میں نیا موڑ آیا ہے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سلمان دراصل اصل مجرم کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں
سلمان خان کی حمایت میں جہاں سوشل میڈیا صارفین اپنے تبصرے کررہے ہیں وہیں نامور بھارتی اداکارہ و میزبان سیمی گریوال نے بھی سلمان کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے’’سلمان خان کبھی کسی جانور کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، بلکہ وہ جانوروں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں، واقعے کا اصل مجرم بہت جلد بے نقاب ہوگا۔‘‘
ان کے ٹوئٹ پر صارفین کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے سلمان کسی کو نقصان نہیں پہنچاسکتے، کیا اصل مجرم سیف علی خان ہیں اور اگر یہ سچ ہے تو مہربانی کرکے اس بارے میں سلمان خان کے والدین کو بتائیں تاکہ وہ اپنے بیٹےکو گناہ گار کی حقیقت بتانے پر راضی کریں