کئی بار مجھے خریدنے کی کوشش کی گئی :چوہدری نثار کا دعویٰ –
اسلام آباد(نیوزوی او سی)وزیر داخلہ چوہدری نثار نے دعویٰ کیا ہے کہ کئی بارمجھے خریدنے کی کوشش کی گئی،انہوں نے اپنے حلقے کے عوام کو تبدیلی کا نعرہ لگانیوالوں سے دوررہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے ملک میں افراتفری کی سیاست کا ٹھیکہ لے رکھا ہے ، ترقی دھرنوں اور افرا تفری سے نہیں بلکہ سی پیک، موٹروے کی تعمیر اور بجلی کے منصوبوں سے آئے گی۔کبھی بکا نہ جھکا ہوں،ہمیشہ سچی بات کرتاہوں،جھوٹوں کو پسند نہیں کرتا،حرام کھایا نہ ہی کسی کو کھانے دونگا۔اپنے حلقہ انتخاب چونترا،چکری اور راولپنڈی میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج کل نعرے لگا کر لوگوں کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے ، خدا کے لیے ان پر دھیان نہ دینا، ہر موسم کے ساتھ جن کے لیڈر بدلتے ہوں وہ تبدیلی نہیں لاسکتے ، ان کے دائیں بائیں وہ لوگ ہیں جنہوں نے کرپشن کے ریکارڈ بنائے ۔ کچھ لوگوں نے ملک میں ہیجان انگیزی اور افراتفری کی سیاست کا ٹھیکہ اٹھا لیا ہے ۔اس قسم کی سیاست اور بلاجواز محاذ آرائی جمہوریت کے لیے زہر قاتل ہے ۔فیصلے گلیوں اور چوراہوں پر نہیں بلکہ منتخب پارلیمان، اعلیٰ عدالتوں اور عوام کی عدالت میں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس مٹی کا پانی پیا ہے اور اس سے وفا بھی کی ہے ، اپنی ساری زندگی کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے نظریں نیچی ہوں، کوئی فیکٹری یا پٹرول پمپ نہیں بنایا۔نہ حرام کھاتاہوں نہ کسی اورکوکھانے دوں گا، ہمیشہ یہ ہی چاہا کہ جب حکومت ملے تو ملک کا پیسہ عوام کی خدمت میں نچھاور کروں اور جب اپوزیشن میں آؤں تو حق کی آواز بلند کرسکوں ،مجھے کئی بار خریدنے اور بڑے بڑے عہدوں کی پیش کش کی گئی، مگر پارٹی وفاداری میں کوئی لغزش نہیں آئی۔ 35 سال سے سیاست میں ہوں، سچ اور سیدھی بات کرنے کا عادی ہوں۔ پارٹی قیادت کے سامنے بھی سچی بات کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ نہ جھوٹا ہوں اور نہ ہی کسی جھوٹے کو پسند کرتاہوں، کچھ پارٹیاں اور کچھ لوگ مجھ سے صرف اس لیے خار کھاتے ہیں کہ میں اسلام کے نظریات کی بات کرتا ہوں، انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی سیکولر ہونے پر فخر کرسکتا ہے تو مجھے بھی اسلام پسند ہونے پر فخر ہے ۔انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو مظلوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی کا شکار ہیں اور مسلمانوں کے لیے کھڑا ہونا میرے ایمان کا حصہ ہے