ڈی ایچ کیوہسپتال گوجرانوالہ میں موجود ڈائلیسز سینٹرکا قیام دور حاضر میں کسی بڑی نعمت سے کم نہیں
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سعید احمدتا ج نے کہا کہ بلاشبہ ڈی ایچ کیوہسپتال گوجرانوالہ میں موجود ڈائلیسز سینٹرکا قیام دور حاضر میں کسی بڑی نعمت سے کم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ کڈنی ڈائلیسز سینٹر میں غریب ،ناداراور مستحق افراد کو جس احسن انداز میں علاج فراہم کر رہاہے اس کیلئے سید امرحیدر کرمانی اور انتظامیہ کے تمام ارباب اختیار یقینامبارکباد کے مستحق ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے DHQہسپتال میں کڈنی ڈائلیسز کے دورہ کے دوران کیا۔اس موقع پر سید امیر حیدر کرمانی ،امجد خلیل،جمشید ،میاں عثمان سلیم ،مدثر حنیف بھی موجود تھے۔ صدر چیمبر نے کڈنی ڈائلیسز کی اعلیٰ حسن کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں اس سوسائٹی کے تمام عہدیداران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا جو مستحق ،نادار اور مفلس مریضوں کا مفت علاج کر رہے ہیں۔
قبل ازیں جمشید بشیر نے کڈنی ڈائلیسز سنٹر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے شروع کئے گئے اس پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ سنٹر میں مرض کی تشخیص کیلئے جدید ٹیسٹ لیبارٹریز ،علاج کیلئے جدیدمشینری وغیرہ کی سہولیات باآسانی دستیاب ہیں ۔علاوہ ازیں ڈائلیسز سنٹر کے قیام کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ غریب مستحق مریضوں کا بروقت علاج کر کے ان کی زندگیوں کو بچایا جا سکے ۔