ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث مجرم اشتہاری دوساتھیوں سمیت گرفتار ۔

ابتدائی تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات ۔ گینگ کا سرغنہ امجد عرف قیصر عرف فوجی ملزم ہیڈ مرالہ سیالکوٹ میں کنسٹیبل کو مزاحمت پر شہید کرنے اور جی ٹی روڈ کو بلاک کر کے گاڑیوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔10موٹر سائیکل ، تین پسٹل اور نقدی برآمد ۔
(گوجرانوالہ 6 مئی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا
سی آئی اے پولیس نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث مجرم اشتہاری کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے ابتدائی تفتیش کے دوران ان کے قبضہ سے 10موٹر سائیکل اور وارداتوں میں ا ستعمال ہونے والے تین پسٹل برآمد کئے ہیں ۔گرفتار کئے گئے ملزمان میں امجد عرف قیصر عرف فوجی سکنہ مریدکے، علی رضا سکنہ کشمیر کالونی کینٹ اور صدام حسین سکنہ شاد باغ لاہور شامل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مربوط کریک ڈاؤن کے نتیجے میں سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کو خصوصی احکامات جاری کئے ۔ ڈی ایس پی سی آئی اے نے سب انسپکٹر طاہر وٹو، راشد اقبال، مدثر اعجاز، مزمل حسین، محمد ذیشان و دیگران پر خصوصی ٹیم تشکیل دے کر انہیں مناسب ہدایات جاری کیں ۔ ٹیم نے علاقے کے جرائم پیشہ عناصر کا ریکارڈ اکٹھا کیا ۔ سی آر او سے مدد لی اور جدید ٹیکنالوجی کے تحت ملحقہ اضلاع سے بھی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی ۔ بالآخر خفیہ اطلاع پر ٹیم نے ملزمان مذکورہ بالا کو زیر حراست لے کر تفتیش عمل میں لائی ۔ ملزمان نے تفتیشی ٹیم کو انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گینگ کا سرغنہ امجد عرف فوجی نے سال 2008میں سیالکوٹ کے علاقہ ہیڈمرالہ میں ڈکیتی مزاحمت پر کنسٹیبل کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا ۔مزید براں وہ تتلے عالی اور کامونکے کے تھانہ جات میں رہزنی کے مقدمات میں مجرم اشتہاری بھی ہے۔اپنی جرائم پیشہ ہسٹری بیان کرتے ہوئے سرغنہ امجد نے مزید کہا کہ وہ تتلے عالی کے علاقہ میں ویگن اور بسیں لوٹنے اور کامونکے کے علاقہ میں جی ٹی روڈ بلاک کر کے گاڑیوں کو لوٹنے کے جرم میں ریکارڈ یافتہ ہے۔امجد عرف فوجی نے بتایا کہ وہ بین الاضلاعی گینگ کی سرپرستی کر چکا ہے اور جیل عرصہ کے دوران اس نے اپنے گینگ کو مزید مضبوط کیا ۔ جیل سے رہا ہوتے ہی اس نے اپنی جرائم پیشہ سرگرمیوں کا آغاز کیا ۔ دوسری طرف سی آئی اے پولیس بھی امجد عرف فوجی کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی ۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے ۔ اہم انکشافات کی توقع ہے ۔شہری حلقوں اور کاروباری برادری نے ملزمان کی گرفتاری پر سی آئی اے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ۔ سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعام و تعریفی اسناد دینے کا اعلا ن کیا ۔