ڈپٹی کمشنر عامر جان کاجشن آزادی کے موقع پر انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس سے خطاب
گوجرانوالہ 30 جولائی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے جشن آزادی کے موقع پر انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کو قومی جذبے کے تحت منایا جائے گا اور تعلیمی اداروں ،سرکاری دفاتر میں پرچم کشائی ، دعائیہ تقریبات اور یوم آزادی کے سلسلہ میں خصوصی پروگرامز کا اہتمام کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ یکم اگست سے 14اگست تک یوم آزادی کی تقریبات کے انتظامات کو قبل از وقت حتمی شکل دی جائے اور سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام اہم سرکاری عمارتوں پر چراگاں کیا جائے گا ،جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف نجی عمارتوں پیٹرول پمپس اور فلنگ سٹیشنز کے مالکان کو بھی خوبصورت لائٹنگ کرنے کے احکامات کی بھی ہدایت کی جائے گی ،سرکاری محکموں میں فرائض کی انجام دہی کے دوران تمام افسران اور اہلکار قومی پرچم والے بیجز لگائیں ۔انہوں نے پی ایچ اے حکام کو بھی ہدایت کی کہ یوم آزادی کے موقع پر پارکس اور گرین بیلٹس کی صفائی ستھرائی اور پولیس سے مل کر فول پروف سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر حفصہ رانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوم آزادی کو جوش و جذبے سے منانے کے لیے تمام محکموں کی طرف سے تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔تعلیمی اداروں میں ملی نغموں ، ڈراموں،تقریری و تلاوت و نعت کے مقابلوں ،سپورٹس دیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام کھیلوں کے مقابلے او ر دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا جن کے لیے متعلقہ محکموں کی طرف سے شیڈول موصول ہو چکے ہیں ۔صفائی ستھرائی ، سکیورٹی اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس ،ٹریفک اور پیٹرولنگ پولیس نے انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مرکزی تقریب کا انعقاد کمشنر دفتر میں ہو گا جس میں پرچم کشائی ،شجر کاری مہم اور دیگر یوم آزادی سے متعلقہ پروگرامز شامل ہوں گے ۔
علاوہ ازیں عید الاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں 9مویشی منڈیاں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے لگائی جائیں گی جن میں تمام متعلقہ محکمے اپنے کیمپ قائم کریں گے تا کہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ،تمام مویشی منڈیاں حکومتی احکامات کے مطابق شہر سے باہر لگائی جائیں گی ۔شہر میں کسی کو جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہو گی ،سپیشل برانچ منتخب کیے گئے تمام 9مقامات کی سکیورٹی کا جائزہ لے کر رپورٹ کرے تاکہ جہاں کہیں کمی کوتاہی ہو انہیں دور کیا جا سکے ۔ قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے والوں سے 15اگست تک درخواستیں وصول کی جائیں گی ،کالعدم قرار دی گئی جماعتوں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔درخواستوں کی متعلقہ محکموں سے جانچ پڑتال کے بعد این او سی جاری کیا جائے گا خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔جانوروں کی آلائشوں کے کولیکشن پوائنٹس اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ چیف آفیسرز مشاورت سے مقرر کریں گے ۔تمام مویشی منڈیوں میں محکمہ لائیو سٹاک ،محکمہ صحت ، جی ڈبلیو ایم سی،واسا،میونسپل کمیٹیزاور دیگر متعلقہ محکمے کیمپ لگائیں گے تا کہ مویشی منڈیوں میں جانوروں کی ویکسینیشن ،بارش کی صورت میں پانی کا نکاس،صفائی ستھرائی اور ایمرجنسی کی صورت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر حفصہ رانی،چےئرمین ضلعی امن کمیٹی قاری زاہد سلیم،تمام اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ لائیو سٹاک،محکمہ پی ایچ اے،نمائندہ سپیشل برانچ،ڈئریکٹر واسا،ڈائریکٹ انجینئرنگ،ایم ڈی جی ڈبلیو ایم سی،ڈی او ماحولیات ،سپیشل ایجوکیشنز،ڈائریکٹر کالجز،ڈی او ایلیمنٹری،نمائندہ ڈسٹرکٹ پولیس،نمائندہ ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندے شریک تھے ۔