ڈپٹی کمشنر حاضر سروس اور فوت شدہ سرکاری ملازمین کے ورثاء کو مالی امداد اور دیگر اعلان کردہ مراعات دینے کے لئے موثر اقدامات
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
ڈپٹی کمشنر گوجر انوالہ محمد عامر جان نے کہا ہے کہ حاضر سروس اور فوت شدہ سرکاری ملازمین کے ورثاء کو حکومتی پالیسی کے مطابق مالی امداد اور دیگر اعلان کردہ مراعات دینے کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وہ اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ بہبود فنڈ ز بورڈ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اے ڈی سی جی ڈاکٹر رانی حفصہ کنول نے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہو ں نے بتایا کہ ماہانہ امداد کی40 درخواستو ں پر سالانہ8 کروڑ23 ہزار اخراجات ہوں گے۔ اسی طرح سکالر شپ کی1019 درخواستوں پر43 لاکھ26 ہزار روپے سالانہ اخراجات کئے جائیں گے۔ انہو ں نے بتایاکہ میرج گرانٹ کی 334 درخواستوں پر 51 لاکھ60 ہزار روپے خرچ کئے جائیں گے جبکہ کفن دفن کے اخراجات کی 140 درخواستوں پر 8 لاکھ38 ہزار روپے کے اخراجات ہوں گے ۔
ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گزٹیڈ اور نان گزٹیڈ ملازمین کے ورثاء اور اہل خانہ کی بہبود کے لئے موثر اقدامات کریں تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ بہبود بورڈ کے کیسز
اپ ٹو ڈیٹ ہونے چاہیئیں تاکہ کو ئی مستحق مالی امداد سے محرو م نہ رہے۔