ڈنمارک نے دنیا کی سفارتی تاریخ بدل کر رکھ دی، ڈیجیٹل سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ

کوپن ہیگن (نیوز وی او سی آن لائن) سفیر کسی بھی ملک کا ایسا نمائندہ ہوتا ہے جو دوسرے ملکوں کے ساتھ رابطہ کار کا کام کرتا ہے لیکن اب یہ زمانہ پرانا ہوگیا کیونکہ ڈنمارک نے دنیا کا پہلا ” ڈیجیٹل سفیر“ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا مقصد گوگل اور ایپل جیسی بڑی ڈیجیٹل کمپنیوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنا ہوگا۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کی رپورٹ کے مطابق ڈنمارک کے وزیر خارجہ آندرس سیموئلسن نے خارجہ پالیسی کے حوالے سے پریس کانفرنس کے بعد ایک مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی کمپنیاں قوموں کی طرح بن چکی ہیں اور ہمیں اس طرف توجہ دینا ہوگی۔گوگل، ایپل ، آئی بی ایم اور مائیکروسوفٹ جیسی کمپنیاں ہماری معیشت میں بہت حصہ ملا رہی ہیں اور یہ بھی ہم پر دوسرے ممالک کی طرح ہی اثر انداز ہو رہی ہیں۔ ڈیجیٹل سفیر ان کمپنیوں کے ساتھ ہمارے ملک کے تعلقات بہتر کرے گا۔ یہ سفیر ڈنمارک کی حکومت اور پرائیویٹ ٹیکنالوجی کمپنیز میں رابطہ کار کا کام کرے گا
انہوں نے کہا کہ ڈنمارک میں صرف ایک فیصد غیر ملکی کمپنیاں کام کر رہی ہیں لیکن یہ کمپنیاں پورے ملک میں 20 فیصد نوکریاں فراہم کر رہے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں نوکریاں فراہم کرنے کے باعث ہماری حکومت ہمیشہ ہی کوشش کرتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری لائی جائے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ فیس بک نے بھی یہاں ڈیٹا سنٹر کی تعمیر کا اعلان کیا ہے جس کے پیچھے تین سال کے مذاکرات کا کردار ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں