Draft

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ محمد عبدالناصر اور دوسرے ججز کا سنٹرل جیل گوجرانوالہ کا ماہانہ تفصیلی دورہ کیا۔ (بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )

گوجرانوالہ 8 اپریل
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ محمد عبدالناصر نے گذشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انجم رضا سید‘ سینئر سول جج محمد خالد خان‘ جوڈیشل مجسٹریٹ فوزیہ سائرہ اور محمد قمر ضیاء کے ہمراہ سنٹرل جیل گوجرانوالہ کا ماہانہ تفصیلی دورہ کیا۔ اپنے دورہ کے دوران فاضل جج نے خواتین بیرک ‘ جیل ہسپتال‘ کچن‘ لٹریسی سنٹر اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اسیران جیل کے مسائل سنے اور جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ لٹریسی سنٹر کے معائنے کے موقع پر فاضل جج کو بتایاگیا کہ یہاں 27 نو عمر قیدی رسمی تعلیم جبکہ 10 نو عمر قیدی کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ دورہ جیل کے دوران سیشن جج نے معمولی مقدمات میں ملوث47 قیدیوں کو ذاتی مچلکوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ اس ضمن میں انہوں نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ خواتین بیرک کے معائنے کے دوران انہیں بتایاگیا کہ خواتین کیلئے قائم کئے گئے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر میں 25 خواتین قیدی مختلف کورسز کررہی ہیں جبکہ قیدی عورتوں کے سات بچے اور کچھ قیدی خواتین کو تعلیم و تربیت کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ فاضل جج کے دورہ جیل ہسپتال کے دوران انہیں بتایاگیا کہ 34 قیدی ہسپتال میں داخل ہیں جنہیں بھرپور طبی اور ادویاتی سہولتیں دستیاب ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے دورہ کے اختتام پر جیل کی صورتحال‘قیدیوں کی سہولتوں اور بیرکوں کی صفائی کو تسلی بخش قرار دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button