ڈاکٹر عظمی نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی
نئی دہلی 25 مئی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
نئی دہلی ۔ بھارت واپس پہنچنے والی ڈاکٹر عظمی نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان شخص طاہر سے شادی کیلئے پاکستان آنے والی ہندوستانی خاتون ڈاکٹر عظمی جمعرات کے روز اپنے ملک بھارت واپس پہنچ گئیں۔ بھارت پہنچتے ہی پاکستان میں انہیں فراہم کی جانے والی مہمان نواز کو بھولتے ہوئے ڈاکٹر عظمی نے خوب ہرزہ سرائی کی۔
پاکستانی معاشرے کی اقدار سے مکمل طور پر ناواقف اور مبینہ طور پر کئی شادیاں کرنے والی ڈاکٹر عظمی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک موت کا کنواں ہے جس سے باہر نکلنا بہت مشکل ہے۔ ڈاکٹر عظمی نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان میں خواتین کی کوئی عزت نہیں کی جاتی اور ہر پاکستانی مرد کی ایک سے زائد بیویاں ہوتی ہیں۔ اس ہرزہ سرائی سے بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے جیسے پاکستان آ کر اپنے محبوب طاہر سے اپنی مرضی سے شادی کرنے کے بعد اس پر زبردستی شادی کرنے کا الزام عائد کرنے والی ڈاکٹر عظمی یہاں کسی خاص مقصد سے آئی تھیں۔
ڈاکٹر عظمی کی زہر افشانی سے تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کے دورے پر صرف پاکستان کو بدنام کرنے کی نیت سے آئی تھیں۔ اور انہوں نے پاکستان کی جانب سے بہترین مہمان نوازی کے باوجود بھارت واپس جا کر کی جانے والی زہر افشانی سے ان پر لگنے والے الزامات کو درست ثابت کیا ہے۔