ڈاکٹر عافیہ کے اغوا کا مقدمہ مشرف کیخلاف درج کیا جائے ‘ سراج الحق
لاہور ( نیعز وی او سی آن لائن )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کے اغواءکا مقدمہ درج ہونا چاہئے اور اس میں پہلا نام پرویز مشرف کا شامل کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم بننے کے بعدعافیہ کو 100 دنوں میںواپس لانے کا وعدہ کرنے والے نواز شریف 4 سالوں میں کچھ نہ کرسکے۔ حکومت ڈاکٹر عافیہ کے کیس میں مدعی بننے کو تیار نہیں ہے۔ہم ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی مہم میں پوری قوم کو شامل کرینگے،اسلام آباد میں ہیومن رائٹس نیٹ ورک پاکستان کے زیراہتمام عافیہ رہائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ ایک ماں بہن بیٹی خاتون اور انسان اور سب سے بڑھ کر مسلمان ہیں۔ وہ قرآن مجید کی حافظہ ، ایک عظیم خاتون اورہماری عزت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے صرف امریکیوں کو خوش کرنے اور اپنی حکومت کو دوام دینے کے لئے اتنا بڑا ظلم کیا جب یوسف رضا گیلانی وزیراعظم تھے تو نوازشریف نے اپوزیشن لیڈر کے طور پر ان کو خط لکھا تھا کہ تمہیں شرم کرنی چاہئے کہ بحیثیت وزیراعظم تم نے عافیہ کی رہائی کے لئے کچھ نہیں کیاوہ اس وقت عافیہ صدیقی کے گھر بھی گئے تھے اور ان کی ماں سے وعدہ کیا تھا کہ اگر میں وزیراعظم بنا تو 100 دنوں میں ڈاکٹر عافیہ کو واپس لا¶ں گا۔ اب تو 4 سال ہونے کو ہیں اور ان کی حکومت آخری لمحات میں ہے لیکن عافیہ کی رہائی کے لئے وہ کچھ نہیں کر سکے۔