ڈاکٹروں نے ترمپ کو صحت مند قرار دیدیا
واشنگٹن: ڈاکٹروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت کو بہترین قرار دیدیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد پہلا میڈیکل چیک اپ مکمل ہوگیا تاہم اس حوالے سے ترجمان وائٹ ہاؤس نے بتایا ہے کہ ڈاکٹروں نے صدر ٹرمپ کی صحت کو بہترین قرار دیدیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق دماغی صحت پر مسلسل خدشات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا پہلا طبی معائنہ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں کروایا جب کہ اپنے میڈیکل چیک اپ کے نتائج کا اعلان امریکی صدر منگل کے روز کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد سے بے تکی حرکتیں، زبان پھسلنے جیسے متعدد واقعات رونما ہوئے تھے جب کہ مائیکل وولف کی نئی کتاب کے مطابق ٹرمپ کے ساتھی انھیں بچوں جیسا قرار دیتے تھے۔بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد ٹرمپ پرخود کو منصب صدارت کیلیے فٹ ثابت کرنے کیلیے دباؤ تھا۔