ڈان لیکس پر کل یا پرسوں تفصیلی نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا، مریم اورنگزیب
کراچی: وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے ڈان لیکس کے معاملے پر تفصیلی نوٹی فکیشن کل یا پرسوں جاری کردیا جائے گا۔
کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس کے معاملے پرغیرضروری سیاست کی جارہی ہے اور اس حوالے سے کوئی بات کرنا مناسب نہیں سمجھتی تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے کل یا پرسوں تفصیلی نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا جس میں واضح ہوگا کہ کس کا کیا کردار ہے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہر سطح پر اظہار رائے کی آزادی کو مقدم جانا اور اسے فروغ دیا لیکن اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ صحافتی اخلاقیات کے مطابق واقعے کو تخلیق کرنے کے بجائے رپورٹ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں سنسنی خیز خبروں کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے اور صحافتی حلقوں کو اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے۔