چین امریکا تعلقات خراب ہوئے تو پوری دنیا متاثر ہوگی:اوباما

چین امریکا تعلقات خراب ہوئے تو پوری دنیا متاثر ہوگی:اوباما
عالمی معاملات میں چین کا کردار بڑھ رہا ہے ، معاشی ترقی اور سلامتی کے حوالے سے تعلقات انتہائی اہم نوعیت کے ہیں، امریکی صدر امریکا کا سمندری ڈرون مناسب انداز میں حوالے کرینگے ، وزیر دفاع، بغیر تصادم تنازعات کو حل کیا جانا چاہئے ، چینی وزیر خزانہ
واشنگٹن/ بیجنگ (آئی این پی ) امریکی صدر بارک اوباما نے چین امریکا تعلقات کو ا نتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر چین امریکا تعلقات میں خلل آیا تو اس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہونگے ، عالمی معاملات میں چین کا کردار بڑھ رہا ہے ، جبکہ چین نے اپنی سمندری حدود سے تحویل میں لیا جانیوالا ڈرون امریکا کو واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وقت چین اور امریکا کے باہمی تعلقات انتہائی اہم نوعیت کے ہیں اور اگر ان میں خلل آیا تو پوری دنیا اس سے متاثر ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر معاشی ترقی اور سلامتی کے حوالے سے چین اور امریکا کے درمیان باہمی تعلقات کی اہمیت ہے ۔ یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے متعدد بار ایک چین پالیسی پر قائم رہنے کا اعادہ کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب چین نے سمندر سے تحویل میں لیا جانیوالا ڈرون امریکا کو مناسب طریقے سے واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ پندرہ دسمبر کو چین کی لائف بوٹ نے جنوبی چینی سمندروں میں ایک غیر شناخت شدہ ڈیوائس کا پتہ چلایا ، بوٹ نے ڈیوائس کی تصدیق کی اور پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ انداز میں اس کا معائنہ کیا تاکہ یہ ڈیوائس جہاز رانی کے تحفظ اور کسی دوسرے جہاز کو نقصان نہ پہنچا سکے ۔ یانگ کا کہنا ہے کہ بعد میں ڈیوائس کو زیر آب امریکی ڈرون کے طور پر شناخت کر لیا گیا، دونوں فریقین کے درمیان اس مسئلے پر قریبی رابطہ قائم ہے ۔ چین کے نائب وزیر خزانہ چو گوانگ یاؤ نے کہا کہ چین اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعلقات کی صحت مند ترقی دنیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے ۔