چینی پولیس نے ٹیلی کام فراڈ میں ملوث28 شہری کمبوڈیا سے گرفتار کر لئے
بیجنگ (آ ئی این پی ) چینی پولیس نے ٹیلی کام فراڈ میں ملوث28 چینی شہریوں کو کمبوڈیا سے گرفتار کر کے چین کے جنوب مغربی شہر چھانگ چھنگ منتقل کر دیا۔
چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کی وزرات برائے پبلک سیکورٹی نے چھانگ چھنگ میونسپلٹی اور صوبہ شندوگ کی پولیس کے ہمراہ اس فراڈ کی تحقیقات ستمبر کے اوائل میں شروع کیں۔ مشتبہ ملزمان چین میں لوگوں کو بھاری منافع کا لالچ دے کر یا قا نو ن نافذ کرنیوالے اہلکار بن کر فون کال کر کے انہیں رقم سے محروم کیا کرتے تھے۔ملزمان کے زیرِ استعمال بینک کارڈز، کمپیوٹرز، اور موبائل فونز کو ضبط کر لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ سالوں میں چینی پولیس نے چین میں مقیم شہریوں کے ساتھ ٹیلی کام فراڈ میں ملوث بیرونِ ملک روپوش چینی شہریوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا ہوا ہے جس کے تحت ان 28ملزمان کوحراست میں لیا گیا ہے۔