چیمپیئن ٹرافی جیتنے پرسیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے کرکٹر حارث سہیل کوخوش آمدید کہا اور ان کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے
اسلام آباد 21 جون 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف نیوز وائس آف کینیڈا)
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر آئی سی سی چیمپیئن ٹرافی جیتنے پرسیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے کرکٹر حارث سہیل کو آج صبح ساڑھے آٹھ بجے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس /آر پی او گوجرانوالہ محمد طاہر ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد عامر جان، ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالحمید قاسم، اسسٹنٹ کمشنر جنرل گوجرانوالہ انجم ریاض سیٹھی، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال توقیر الیاس چیمہ، ڈی آئی او منور حسین اور چیئرمین سیال ملک محمد اشرف نے انہیں خوش آمدید کہا اور ان کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اس موقع پر شائقین کرکٹ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے جنھوں نے ایئر پورٹ سے حارث سہیل کے نکلنے پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ اس موقع پر پنجاب پولیس کے آفیشل بینڈ نے ملی نغموں کی دھنیں بکھیریں جبکہ ڈھول کی تھاپ پر شائقین کرکٹ نے رقص بھی کیا۔
کمشنرگوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے قومی کرکٹر حارث سہیل کا سیالکوٹ ائیر پورٹ پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو اپنے ہونہار سپوتوں پر ناز ہے اور جیت کا جشن ملک کے طو ل و عرض میں منایا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتی ہے اور اپنے کرکٹر کو قومی ہیرو سمجھتی ہے اور آج انہیں تاریخی فتح پر خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے حارث سہیل کو جیت پر مبارک باد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آر پی او گوجرانوالہ محمد طاہر اور ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے بھی قومی کرکٹر کو مبارک باددیتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔