چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ آصف ظفر چیمہ نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے آگاہی وقت کا اہم تقاضا ہے اسی لئے ٹریفک پولیس کے آفسران تعلیمی اداروں میں جا کر نوجوانوں میں شعور کو بیدار کر رہے ہیں
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ آصف ظفر چیمہ نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے آگاہی وقت کا اہم تقاضا ہے ۔ اسی لئے ٹریفک پولیس کے آفسران تعلیمی اداروں میں جا کر نوجوانوں میں شعور کو بیدار کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں، گاڑی چلاتے وقت سیٹ بیلٹ اور بائیک چلاتے وقت سرپر ہیلمٹ پہنیں ۔ ٹریفک سگنلز کا خیال رکھیں تاکہ زندگیوں کو حادثات سے بچایا جا سکے اور بے ہنگم ٹریفک پر قابو پا کر بلاوجہ ٹریفک کے رش اور جان لیوا ء شور سے نجات حاصل کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ خطر ناک کھیل ہے جس سے پرہیزضروری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی سٹار انسٹیٹیوٹ گوجرانوالہ کیمپس سیالکوٹ روڈکے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹریفک کا عملہ ہمہ وقت حاضر رہتا ہے اور اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی پوری ایمانداری سے انجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کو سختی سے ہدایات کر دی گئی ہیں کہ وہ شہریوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور اعلی حکام کی ہدایت پر پہلے سلام اور پھر کلام کا رویہ اپنائیں ۔شہریوں کو تنگ کرنے کی شکایات موصول ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔اور والدین اور اساتذ ہ سے اپیل کی ہے کہ سکول ، کالجوں اور گھروں میں بچوں کو ٹریفک قوانین کے متعلق تاکیدکی جائے۔ تقریب میں دی سٹار انسٹیٹیوٹ گوجرانوالہ کیمپس کے ڈائریکٹرپروفیسر محمد نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کو سنوارنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور انہیں اپنی نئی نسل کے ٹیلنٹ پر بہت نازاور فخر ہے۔ آخر میں طلباء و طالبات میں اعلیٰ حسن کارکردگی ایوارڈ بھی دیئے گئے۔ اس موقع پرڈی ایس پی مقصود احمدلو ن ، انچارج ایجوکیشن ونگ عدیل امجد بٹ ، وارڈنز رانا فرخ ، جمشید قادری و دیگرنے بھی خطاب کیا، جبکہ سٹار انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر مسعود نعیم ڈائریکٹر کیمپس، پرنسپل عبدالباسط باجوہ نے سی ٹی او آصف ظفر چیمہ کو اپنے ادارے کی طرف سے خوش آمدید کہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔