چیف جسٹس کا ملتان کی پرانی کچہری بحال کرنے کا حکم
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملتان کی پرانی کچہری بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
اپنے دورہ ملتان کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نیو جوڈیشل کمپلیکس گئے جہاں انہوں نے وکلا سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں ملتان جوڈیشل کمپلیکس ازخودنوٹس کیس کی سماعت کی، اس دوران جسٹس ثاقب نثار نے رجسٹرا لاہور ہائیکورٹ پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور اپنے ریمارکس میں کہا عجلت میں جوڈیشل کمپلیکس کاافتتاح کرنے کی کیاضرورت تھی، آپ نے کھیتوں میں جاکر جوڈیشل کمپلیکس بنادیا، وہاں تک پہنچنے میں 20 منٹ لگے، وکلا کے بیٹھنے کے لیے مناسب بار روم بھی نہیں ہے، وکلا اپنے کلائنٹس کو کہاں بٹھائیں گے، بارش ہوئی تو وکلا کہاں جائیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے 10 روز میں پرانی عدالتیں بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 3 ماہ میں نئے جوڈیشل کمپلیکس میں سہولتیں فراہم کی جائیں۔