چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ سے چیچہ وطنی بارکے وفد کی ملاقات
لاہور 1 اگست 2017 (بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ سے تحصیل بارایسوسی ایشن چیچہ وطنی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت بار کے صدر میاں آصف رفیق نے کی جبکہ چیچہ وطنی سے منتخب ممبر ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل حماد سبحانی اور ایڈووکیٹ وقاص جاوید بھی وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ سید خورشید انور رضوی اور پرنسپل سٹاف آفیسر ٹو چیف جسٹس شاہد شفیع بھی موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بار کے وفد نے فاضل چیف جسٹس سے کہا کہ چیچہ وطنی کے مقدمات کو لاہور ٹرانسفر کرکے ہمیں لاہورپرنسپل سیٹ کے منسلک کیا جائے تاکہ چیچہ وطنی کے وکلاء اور سائلین کو آسانی ہو۔ مزید برآں وفد نے تحصیل بار میں ای لائبریری کے قیام کے حوالے سے بھی فاضل چیف جسٹس سے درخواست کی۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ صوبہ بھر کی ضلعی اور تحصیل بار ایسو سی ایشنوں میں ای لائبریریز کا قیام لاہور ہائی کورٹ کے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہے، اس کے علاوہ بھی بار کے تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے عدالت عالیہ لاہور مکمل تعاون کرے گی۔
بعد ازاں صدر چیچہ وطنی بار میاں آصف نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیچہ وطنی کے وکلاء اور سائلین کا یہ دیرینہ مطالبہ ہے کہ چیچہ وطنی کو لاہور ہائی کورٹ، لاہور پرنسپل سیٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے جس کی متفقہ قرارداد بھی منظور ہو چکی ہے، انہوںنے کہا کہ اوکاڑہ اور پاکپتن پہلے ہی لاہور پرنسپل سیٹ سے منسلک ہیں جبکہ ساہیوال بارکا بھی مطالبہ ہے کہ اسے لاہور کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چیچہ وطنی کے لوگ صحت ، تعلیم اور ایئرپورٹ سمیٹ دیگر معاملات میں لاہور پر انحصار کرتے ہیں، اسی طرح اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کیلئے بھی ہمارے لئے لاہور پرنسپل سیٹ موزوں اور باعث آسانی ہے۔