چیف جسٹس سید منصور علی شاہ سے امریکی کونسل جنرل کے نمائندوں سے ملاقات
لاہور 13 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
ملاقات میں اے ڈی آرسسٹم، ماحولیاتی انصاف، ٹریننگ سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ، لاہور، مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ کے ساتھ امریکی کونسل جنرل کے وفد نے ملاقات کی جس میں الزبتھ کینڈی اور این ایل میسن شامل تھیں۔ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس محمد یاور علی اور جسٹس عائشہ اے ملک اور رجسٹرار سید خورشید انور رضوی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امورزیر گفتگو آئے۔
فاضل چیف جسٹس نے وفد کو اے ڈی آر سسٹم، ماحولیاتی انصاف، صوبائی عدلیہ میں جینڈر ڈائیورسٹی پالیسی کے نفاذ، کیس مینجمنٹ پلان، ججز اور سٹاف کی ٹریننگز اور یورپین یونین سمیت دیگر ڈونرز کے تعاون سے جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وفد نے سائلین اور وکلاء کی فلاح کیلئے لاہور ہائی کورٹ کے اقدامات کو سراہا۔