چوہدری صاحب انسان بنیں تنقید آپ کی ذات پر نہیں: نیشنل ایکشن پلان پر عمل سے ہی دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے، بلاول بھٹو
کراچی، نواب شاہ ، سکھر (نیوز وی او سی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چوہدری نثار !آپ انسان بنیں، پالیسیوں پر تنقید کی جاتی ہے ، اسے ذاتی نہ لیا جائے ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے ہی دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے ، سب کو ملکر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا، ڈرنے والے نہیں دہشت گردوں کا کھل کر سامنا کریں گے ، بار بار کہتے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جائے ، ملک بھر سے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کئے جائیں ، سانحہ سہون شریف انتہائی افسوسناک ہے ، مقدس درگاہ کو خون میں نہلادیا گیا، ہم کسی پر الزام عائد نہیں کرنا چاہتے ،پالیسیوں پر تنقیدکی جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نوابشاہ کے پیپلز میڈیکل اسپتال میں سہون دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پر تنقید کیلئے یہ وقت مناسب نہیں، چوہدری نثار الزامات نہ لگائیں، یہ الزامات کا وقت نہیں ، ہم سب ملکر کام کریں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاق اورسندھ حکومت کومل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ،جتنی سندھ حکومت ذمہ دارہے اتنی ہی وفاقی حکومت بھی ہے ۔ سانحہ پر سیاست کرنے اور سائیں سرکارکو نا اہل کہنے پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے ردعمل میں وفاقی وزیرداخلہ کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ الزامات لگانے کا وقت نہیں، اس لیے تنقید کوذاتی نہ لیں اور نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی کی وجوہات سے قوم کو آگاہ کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ درگاہ لعل شہباز قلندر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ نہایت المناک اور دل دہلا دینے والا ہے ، ظالم دہشت گردوں نے سندھ کی ثقافت پر حملہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان مکمل طور پر فیل ہو چکا ہے ، اس پر دوبارہ سے کام کرنا ہو گا اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہو گا ۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ سانحہ بہت دل خراش ہے لیکن ہمیں جذبات کے بجائے تحمل سے کام لینا ہو گا اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں یہ سب سے موثر ہتھیار ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں میری والدہ نے جام شہادت نوش کیا اور میں اپنی ماں کی جدوجہد کو منزل مقصود تک پہنچاؤ ں گا۔ دریں اثنا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں موجود ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے وفاقی وزیر داخلہ ان کی وکالت کررہے ہیں ۔ روہڑی کے علاقے علی واہن میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں سانحہ سہون جیسے واقعات کیوں ہو رہے ہیں ، یہ واقعات ملک کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کی وجہ سے ہیں ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ انسانی اعضاء کے حوالے سے بیان پر قائم ہوں کیونکہ جس طرح مجھے لوگوں نے بتایا کہ گوشت کے ٹکڑے دور دور گرے باقی میرے پاس وزیر اعلیٰ کی طرح ادارے رپورٹ جمع نہیں کراتے ۔