چند دنوں میں حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے: پولیس کی نفری کم، اسپتالوں میں سہولتوں کا فقدان ہے، وزیراعلیٰ سندھ
حیدرآباد (نیوز وی او سی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی کی صورتحال کو راتوں رات ٹھیک نہیں کر سکتے ، پولیس کی نفری کم ہے جبکہ اسپتالوں میں سہولتوں کا فقدان ہے ، سانحہ سہون کی تحقیقات جاری ہیں ، کچھ پیشرفت ہوئی ہے ، سی سی ٹی وی فوٹیج سے سانحہ سہون سے متعلق کچھ شواہد ملے ہیں، گرفتار افراد حملے میں ملوث ہوسکتے ہیں ، دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں کو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں گے ، مخالفت اپنی جگہ لیکن وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پر تنقید نہیں کروں گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے مزار کے مختلف حصو ں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود زائرین سے ملاقات کی اور ان میں لنگر تقسیم کیا ۔ اس موقع پر ایم این اے ملک اسد سکندر، سید آصف علی شاہ ،سکند ر علی راہپوٹو اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قلندر لعل شہباز کے مزار پر دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، دہشتگردی کے واقعہ کے حوالے سے اشتعال پھیلانے والے بھی دہشتگردوں کے ساتھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے اس واقعہ میں ملوث انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو ضرور سزا دی جائیگی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد سرحد پار سے آکر دہشتگردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں اور اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ کی صحیح سمت میں تحقیق کر رہے ہیں، توقع ہے کہ بہت جلد ملوث افراد کو گرفتار کرلیں گے ۔ انسانی اعضاء کی بیحرمتی کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سہون میں خودکش بم حملے کی وجہ سے میں پہلے ہی کافی رنجیدہ ہوں اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ سے باز پرس کی ہے ، شہیدوں کے ا عضاء کی بیحرمتی میں ملوث افراد کے خلاف جلد کارروائی کی جائیگی ۔ وزیر اعلیٰ نے طبی سہولیات کے متعلق سوال پر کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ سندھ کے چھوٹے بڑے شہر وں اور دیہات میں بہترین طبی سہولیات ہوں،خودکش حملے میں زخمی ہونے والوں کو بھرپور طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قلندر لعل شہبازؒ کا پیغام امن کا پیغام ہے اور ان کے مزار پر یہ واقعہ افسوسناک ہے ، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سب کو مشترکہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد بھرپور تعاون کرنے پر پاک فوج کے شکرگزار ہیں ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے سہون شہر کے مختلف مقامات پر سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔