پی پی کے شرجیل میمن اشتہاری قرار
کراچی(ویب ڈیسک)احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیاجبکہ کیس میں ایک ملزمہ انیتا بلوچ کو پہلے ہی اشتہارہ قراردیاجاچکا ہے ۔ہفتہ کوکراچی کی احتساب عدالت میں شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر نے شرجیل میمن کی گرفتاری سے متعلق عدالتی حکم کی رپورت پیش کی، جس میں کہا گیا کہ شرجیل میمن گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک چلے گئے ہیں جس کی وجہ سے ملزم کی گرفتاری ممکن نہیں ہوسکی ہے، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو شرجیل میمن کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دےدیا۔واضح رہے کہ شرجیل میمن اور دیگر ملزمان پر محکمہ اطلاعات میں اشتہارات کی مد میں 5 ارب 79 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے، اس کیس میں ایک ملزمہ انیتا بلوچ کواشہاری قرار دیا جاچکا ہے۔