پی ایس ایل میں کھلاڑیوں سے ملاقات، مشکوک شخص کی شناخت
پی ایس ایل میں کھلاڑیوں سے ملاقات کرنے والے مشکوک شخص کی شناخت سامنے آگئی، مشکوک شخص یوسف برطانوی شہری ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اسی شخص نے پی ایس ایل کے آغاز سے ایک دن پہلے شرجیل خان اور خالد لطیف سے ملاقات کی تھی، آئی سی سی پہلے ہی یوسف کو مشکوک قرار دے چکی ہے اور مشکوک قرار دیئے جانے کےباوجود کھلاڑیوں نے اس شخص سے ملاقاتیں جاری رکھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ سے متعلق خبریں سامنے آنے پر یوسف دبئی سے روانہ ہوچکا ہے تاہم یوسف کے قریبی ذرائع کی جانب سے اس خبر کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اسی دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پی ایس ایل سے معطل کیے گئے کھلاڑیوں کو دو سے تین دن میں مکمل چارج شیٹ دی جائیگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ پر آمادہ تھے اور دونوں کی بکی سے ڈیل ہوچکی تھی، ایک کھلاڑی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے پہلے میچ میں اسپاٹ فکسنگ کر بھی چکا تھا، اسپاٹ فکسنگ کرنے والوں کا سنڈیکیٹ ایک سے زائد افراد پر مشتمل ہے ، جس میں غیر ملکی بھی شامل ہیں، کھلاڑیوں کی ڈیل یوسف نامی شخص سے ہوئی ، بیچ میں ایک سابق کرکٹر بھی شامل تھا۔