پیوٹن نے روس کے خطرناک ترین ہتھیار کے بارے میں ایسا جواب دے دیا کہ سن کر امریکہ شدید پریشان ہوگیا
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے ایک تقریب میں خطاب کے دوران ایک ایسی چیزایجاد کرنے کے سوال پر ذومعنی جواب دے کر مغربی دنیا کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے، جو سفر کے معاملے میں وقت کی اہمیت کو ختم کر دے گی۔ برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں ولادی میر پیوٹن نے کئی اہم نیشنل اور انٹرنیشنل مسائل پر گفتگو کی۔ اس تقریب کا اہتمام روس کے ڈائریکٹر یونین دمتری پیسکوف نے کیا تھا جس میں نوجوان پروفیشنلز کو مدعو کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ولادی میر پیوٹن کے خطاب کے دوران شرکاءمیں سے ایک شخص نے سوال کیا کہ ”برطانوی اخبار ’دی ٹیلیگراف‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ آپ کی ٹیم 2035ءتک 2ٹریلین ڈالر کی لاگت سے ”ٹیلی پورٹیشن“ ٹیکنالوجی بنانے میں کامیاب ہو جائے گی؟اخبار نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ آپ کی یہ ایجاد مغربی ممالک کے تحفظ کے لیے خطرہ ثابت ہو گی۔“ اس کے جواب میں ولادی میر پیوٹن مسکرا دیئے اور صرف اتنا جواب دیا کہ ”مغرب نے اپنی ہی کہانی ایک بار پھر بیان کر دی ہے۔“ روسی صدر کی طرف سے اس قیاسی ایجاد کی خبر کی تردید نہ کرنے پر مغربی ممالک یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ آیا روس واقعی ایسی کوئی چیزایجاد کرنے جا رہا ہے؟
رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر چند گھنٹوں میں ہزاروں بار دیکھی جا چکی ہے۔ واضح رہے کہ ”ٹیلی پورٹیشن“ ایک ایسی ’قیاسی‘ ایجاد ہے جس کے زریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ پلک جھپکتے میں پہنچنا ممکن ہو گا۔ یہ اتنی تیزی سے ہوگا کہ گویا کوئی چیز ایک جگہ سے غائب ہو کر فوراً دوسری جگہ نمودار ہو گئی۔ یہ ایجاد تاحال قیاس آرائیوں کی حد تک موجود ہے، تاہم ولادی میر پیوٹن کی اس سوال پر ذومعنی جواب اور اس کی تردید نہ کرنے سے دنیا میں اس ایجاد کے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔