پولیس کا حساس اداروں کے ساتھ مل کر سماج دشمن عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز ۔ (سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان)
11جون 2017 (بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈا)
پولیس کا حساس اداروں کے ساتھ مل کر سماج دشمن عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز
36مشتبہ ا فراد زیر حراست ۔تین کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے ۔تفتیش جاری۔غیر قانونی قیام اورسر گرمیوں میں ملوث ہونے پر مقدمات درج ہوں گے۔ آپریشن جاری رہے گا۔ سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان
سٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے کہا ہے کہ حساس اداروں کے اشتراک سے سماج دشمن عناصر کے خلاف شروع کئے گئے سرچ آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ 36مشتبہ اشخاص زیر حراست لئے گئے ہیں ۔زیر حراست لئے گئے افراد میں تین کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے ۔جن سے تفتیش جاری ہے ۔ حساس مقامات کی سیکیورٹی مزیدسخت کر دی گئی ہے اور شر پسندعناصرکے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار ا نہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں معززین و پولیس افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں مجرمان اشتہاری، سماج دشمن اورشر پسند عناصرکی گرفتاری کے لئے کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اس ضمن میں گزشتہ روز ضلع کے تینوں ڈویژنز میں پولیس کی بھاری نفری نے الیٹ فورس کے ہمراہ سیٹیلائیٹ ٹاؤن ود یگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ۔ سیٹیلائیٹ ٹاؤن کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔غیر قانونی طورپر مقیم افغانی اور مشکوک اشخاص کے کوائف چیک کئے گئے ۔ سر چ آپریشن کے دوران36 مشکوک اشخاص کو زیر حراست لیا گیا جن سے تفتیش جاری ہے ۔ غیر قانونی سر گرمیوں میں ملوث ہونے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر سٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال اور عزت وآبرو کی حفاظت کے لئے پولیس تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔امن و امان میں خلل پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔تا حکم ثانی سرچ آپریشن جاری رہے گا۔